ڈیزل سستا لیکن کوچ مالکان نے کرائے کم نہ کئے ، مسافر لٹنے پر مجبور

باغی ٹی وی ،ڈیرہ اسماعیل خان(نامہ نگار) ڈیزل سستا لیکن ڈیرہ اسماعیل خان کے کوچ مالکان وہی پرانا کرایہ وصول کرنے میں مصروف۔محکمہ انڈسٹریل کے افسران واہلکاروں کی غفلت اورنااہلی کی وجہ سے کوچ مالکان کی لوٹ مارجاری،کرایوں میں اضافے کی وجہ سے مسافر پریشانی سے دوچار، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نصراللہ خان سے کرایوں میں کمی اورکوچ مالکان کی ہٹ دھرمی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈیزل اورپیٹرول کے ریٹ انتہائی کم کیے گئے ہیں مگرکوچ مالکا ن نے کرایوں کے وہی ریٹ رکھے ہوئے ہیں اوران میں کوئی کمی نہیں کی ہے جس کی وجہ سے مسافرزائد کرایوں پر سفرکرنے پر مجبورہیں۔محکمہ انڈسٹریل افسران واہلکاروں کی مبینہ بھتہ خوری کی وجہ سے کوچ مالکان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاجارہاہے اورانہیں مسافروں سے لوٹ مار کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔ کوچ مالکان نے اپنی روش نہیں بدلی ہے اورہٹ دھرمی پر قائم ہیں اورعوام سے زائد کرایے وصول کرنے میں مصروف ہیں۔ مسافروں سے کرایوں میں کمی نہ کرنے کی وجہ سے کوچ مالکان کھلے عام لوٹ مار کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ڈیرہ کے عوامی سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نصراللہ خان سے حکومت کی جانب سے پیٹرول وڈیزل کے ریٹ کم ہونے کی وجہ سے کوچ مالکان کوکرایے کم کرنے کرانے کامطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوچ مالکان کوکرایے کم کرنے کاپابندکیاجائے تاکہ مسافرلوٹ مار سے محفوظ رہیں۔

Leave a reply