کمیٹی انسانی حقوق اجلاس, چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس منعقد
اسلام آباد (01 فروری 2021)ء سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر شیر ی رحمان کی طرف سے متعارف کرائے گئے گھریلو تشد د کی روک تھام اور تحفظ بل 2020، سینیٹر سراج الحق کی طرف سے زینب الرٹ ترمیمی بل 2020، کوئٹہ جوائنٹ اور اسٹیشن روڈ پر مختلف منصوبوں میں ریلوے اراضی پر پہلے سے تعمیر دوکانوں کے نیلام عام کا ایجنڈا زیر غور آیا۔
سینیٹر شیری رحمان کی طرف سے متعارف کرائے گئے گھریلو تشد د کی روک تھام اور تحفظ بل 2020 کا بغور جائزہ لیا گیا۔سینیٹر شیری رحما ن نے کہا کہ بل انتہائی اہم نویت کا ہے اور اس پر ایک نظر ثانی ہونی چاہیے تا کہ تمام اہم پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا جا سکے کمیٹی کے چیئر مین مصطفی نوازکھوکھر نے اس با ت سے اتفاق کرتے ہوئے بل پر متعلقہ وزارت سے مل کر بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔
سینیٹر سراج الحق کی طرف سے زینب الرٹ ترمیمی بل 2020کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے زینب الرٹ بل سے متعلق تمام صوبوں سے جواب بھی مانگا کہ اسطرح کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ صوبوں میں زینب الرٹ بل کو ابھی تک نافذ نہیں کیا گیا۔ جس پر چیئرمین کمیٹی نے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو طلب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
کمیٹی کے اجلاس میں کوئٹہ جوائنٹ اور اسٹیشن روڈ پر مختلف منصوبوں میں ریلوے اراضی پر پہلے سے تعمیر دوکانوں کے نیلام عام کا ایجنڈا بھی زیر غور آیا۔ جس پر ریلوے حکام نے کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ مسئلہ سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقیافتہ علاقہ جات میں زیر غور ہے لہذا اس کمیٹی کی رپورٹ کا انتظا ر کیا جائے گا اور اس کے بعد مناسب کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز، شیری رحمان، عائشہ رضا فاروق، عثمان خان کاکڑ، سراج الحق، سرفراز احمد بگٹی اور پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی کے علاوہ وزارت انسانی حقوق اور وزارت ریلوے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔