خادم رضوی کی وفات پراہم شخصیات کا اظہار تعزیت کاسلسلہ جاری

0
42

اسلام آباد:خادم رضوی کی وفات پراہم شخصیات کا اظہار تعزیت کاسلسلہ جاری،اطلاعات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی وفات پر اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

خادم حسین رضوی کے انتقال پر وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین اور سچےعاشق رسول ؐسے محروم ہوگیا ہے، دین اسلام کیلئے مولانا خادم حسین کی خدمات کو تادیر یاد رکھاجائےگا۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی کی جانب سے مولانا خادم حسین رضوی کےانتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں ق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مرحوم سچے عاشق رسول ؐتھے، مولانا خادم حسین رضوی کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی تحریک لبیک پاکستان کے قائد علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ ان کے عقیدت مندوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، خادم حسین رضوی عاشق رسول تھے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی نے پاکستان میں توہین رسالت ؐ کے خلاف تحریک میں لازوال کردار ادا کیا، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلا تادیر باقی رہے گا۔

علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور ان سے بھی خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مفتی منیب الرحمن سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ علامہ خادم حسین رضوی ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کے حوالے سے دشمن کے ناپاک عزائم کی راہ میں آہنی دیوار تھے۔

واضح رہے کہ تھوڑی دیر قبل تحریک لبیک پاکستان کےسربراہ معروف عالم دین اور شعلہ بیان مقرر خادم حسین رضوی وفات پاگئے تھے، تحریک لبیک کی مرکزی قیادت نے خادم حسین رضوی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرحوم کی طبیعت ایک عرصے سےخراب تھی۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ خادم حسین رضوی گزشتہ کئی روز سے بخار میں مبتلا تھے۔ ناسازی طبیعت کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج رہنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

Leave a reply