کرونا کی وجہ سے دنیا کے دولت مند ترین افراد کا کتنا ہوا نقصان ، رپورٹ جاری
کرونا کی وجہ سے دنیا کے دولت مند ترین افراد کا کتنا ہوا نقصان ، رپورٹ جاری
باغی ٹی وی :دنیا میں کرونا کی وجہ سے ارب پتی شخصیات کا کتنا نقصان ہوا ، انگریزی ویب سائٹ مارکیٹ واچ نے تحقیقی جائزہ لینے والی کمپنی”Hurun Research” کی ایک تازہ رپورٹ نشر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرونا کے سبب رواں سال 31 جنوری سے 31 مارچ کے دوران دنیا میں دولت مند ترین افراد کے 400 ارب ڈالر ہوا میں اڑ گئے۔ گویا کہ یہ افراد خسارے میں آخری ڈھائی سال کے عرصے میں کمائی گئی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مال اور کاروبار کی دنیا کی 100 بڑی شخصیات میں سے تقریبا 91 کو کرونا وائرس کے بحران میں بھاری نقصان کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ اس دوران صرف 9 شخصیات خسارے سے بچ کر منافع کمانے میں کامیاب رہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ تمام 9 افراد چین کی شہریت رکھتے ہیں جہاں سے کرونا کی وبا ساری دنیا میں پھیلی۔
رواں سال جنوری کے اختتام سے مارچ کے اختتام تک دو ماہ کے دوران عالمی اسٹاک مارکیٹس کو بھی نقصان کا سامنا رہا۔ اس عرصے میں ڈاؤ جونز کے خسارے کا تناسب 21% کے قریب رہا۔ اس کے علاوہ ٹوکیو اور ہانگ کانگ میں حصص کی مارکیٹس میں سرمایہ کاروں کو بالترتیب 18% اور 10% کا نقصان اٹھانا پڑا۔ چین کے اسٹاک ایکسچینج میں 0.2% کی معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔ یہ دنیا بھر میں واحد مرکزی اسٹاک مارکیٹ تھی جو خسارے کے دائرے سے باہر آنے میں کامیاب رہی۔
کرونا وائرس کے بحران کی جانب سے ڈھائی گئی قیامت صرف اسٹاک مارکیٹس تک محدود نہیں رہی۔ اس دوران دنیا بھر میں پیداوار کا پہیہ جام ہو گیا اور کروڑوں انسان گھروں میں بیٹھ جانے پر مجبور ہو گئے۔
اس دوران وینٹی لیٹرز اور ماسک کی طرح بیجنگ میں تیار ہونے والے طبی لوازمات کی مانگ میں بھی شدت سے اضافہ ہوا۔ ان کے علاوہ فاصلاتی تعلیم سے متعلق مصنوعات اور وڈیو کانفرنس کی طلب بڑھ گئی۔ یہ وہ مصنوعات ہیں جو چینی کمپنیاں بھی پیش کرتی ہیں۔ اسی سبب مذکورہ عرصے میں ان کمپنیوں نے بھاری منافع یقینی بنایا۔
وڈیو کانفرنس کی خدمات پیش کرنے والی کمپنی Zoom کے بانی کے مطابق مذکورہ دو ماہ کے عرصے میں ان کی دولت تقریبا 77% اضافے کے ساتھ 8 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
کمپنی کے بانی نے گذشتہ ہفتے بتایا تھا کہ دسمبر کے اواخر میں دنیا بھر Zoom کا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ تھی۔ یہ تعداد مارچ کے اختتام پر 20 کروڑ تک پہنچ گئی۔ تاہم پرائیویسی کے حوالے سے ایک تنازع کے سبب یکم اپریل سے کمپنی کی آمدنی محدود ہو گئی۔
کرونا وائرس کے سبب دو مذکورہ دو ماہ کے عرصے میں جس دولت مند شخصیت کو سب سے زیادہ خسارہ ہوا وہ برنارڈ آرنولٹ ہیں۔ وہ معروف ٹریڈ مارک LVMH کے مالک ہیں۔ تحقیقی مطالعے میں زیر غور آنے والے دو ماہ کے عرصے میں برنارڈ کی دولت میں تقریبا 30 ارب ڈالر کی کمی آئی۔ اس کا مطلب ہوا کہ اس مدت میں ہر گھٹنے کے دوران برنارڈ نے اوسطا 2 کروڑ ڈالر سے ہاتھ دھوئے۔
مارکیٹ واچ کی رپورٹ کے مطابق اس دوران Amzon کے بانی جیف بیزوس کی دولت میں تقریبا 9 ارب ڈالر کی کمی آئی۔ تاہم وہ 131 ارب ڈالر کے قریب دولت کے ساتھ اب بھی روئے زمین پر امیر ترین شخص ہیں۔
فوربز میگزین کے مطابق لگاتار تیسرے سال بھی آن لائن تجارتی کمپنی ایمازون کے سربراہ جیف بیزوس دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔
جیف بیزوس 113 ارب ڈالرز اثاثوں کے ساتھ ارب پتی افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
دوسری جانب مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 98 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے جب کہ برنارڈ ارنالٹ 76 ارب ڈالرز دولت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔فوربز کی جانب سے جاری کی جانے والی دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں وارن بفٹ 67 ارب 50 کروڑ ڈالرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔