چیف ٹریفک آفیسرکو ہر ویک اینڈ پر ٹریفک کنٹرول انتظامات کی نگرانی کے لئے ملکہ کہسار مری میں موجود رہنے کا پابند بنا دیا گیا ہے

0
62

راولپنڈی :سی پی او راولپنڈی ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے کہا ہے کہ چیف ٹریفک آفیسرکو ہر ویک اینڈ پر ٹریفک کنٹرول انتظامات کی نگرانی کے لئے ملکہ کہسار مری میں موجود رہنے کا پابند بنا دیا گیا ہے،ایام عید الضحیٰ کے دوران میں خود بھی مری میں اپنا کیمپ آفس بناؤں گا،مری کو جانے والی یہی سڑکیں ہیں یہی راستے ہیں،انہیں کو مدنظر رکھ کر ہمیں ٹریفک کنٹرول کرنے کا ایسا قابل عمل ماسٹر پلان بناناہے جس سے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ چاہے سیاحوں کا جتنا رش کیوں نہ ہو ٹریفک کسی بھی صورت جام نہ ہو،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 24/7پولیسنگ کرتے ہوئے چھٹی کے دن اتوار کو سی پی او ہاؤس کے کیمپ آفس میں چیف ٹریفک آفیسر اور ٹریفک پولیس کے افسران کو طلب کر کے مری کے ٹریفک پلان کے حوالے سے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سی پی او نے کہا کہ ملکہ کہسار مری عالمی سطح کا سیاحتی مقام ہے جہاں پر ملکی اور غیر ملکی لاکھوں مردو خواتین سیاح سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں،ہمیں ان سیاحوں کو ہر طرح سے سہولیات فراہم کرنا ہیں،ٹریفک جام ہونا مری کی سڑکوں پر معمول بنتا جا رہا ہے،ٹریفک جام ہونے سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،چونکہ مری کی عالمی سطح پر سیاحتی مقام کے حوالے سے مسلمہ حیثیت ہے جس کی وجہ سے ٹریفک بندش ایک بڑا مسئلہ بن کر میڈیا پر ابھر آتا ہے،انہوں نے کہا کہ ملکہ کہسار کو جانے آنے والی یہی سڑکیں ہیں ہمیں انہیں کو مدنظر رکھ کر ایسے انتظامات کرنا ہیں جس سے یہاں پر ٹریفک ایک لمحہ کے لئے بھی جام نہ ہو،انہوں نے کہا کہ ہر ویک اینڈ پر سیاحوں کی کثیر تعداد یہاں آتی ہے،جس کے پیش نظر چیف ٹریفک آفیسر ہر ویک اینڈ پر بذات خود مری کے ان مقامات پر موجود ہوں گے جہاں پر ٹریفک جام ہونے کے زیادہ امکانات ہیں،انہوں نے کہا کہ میں خود بھی گاہے بگاہے مری کے ٹریفک انتظامات کو چیک کرتا رہوں گا،سی پی او نے ہدائت کی کہ سیاحوں کی اوسطاً تعداد کو مدنظر رکھ کر ویک اینڈ پرٹریفک انتظامات کا الگ سے پلان بنایا جائے جس میں سیاحوں کی آگاہی کے لئے ٹریفک ہیڈ کوارٹر اور سی ٹی او سمیت ٹریفک پولیس کے افسران کے موبائل نمبرز درج ہوں،یہ پلان مشتہر ہو تاکہ سیاح مری آنے سے قبل آگاہ ہو سکیں،فیصل رانا نے کہا کہ عید الضحیٰ پر سیاحوں کا رش کئی گنا بڑھے گا ہمیں اس رش کو مدنظر رکھ کر ابھی سے ٹریفک پلان ترییب دینا ہے،میں خود بھی ایام عید الضحیٰ پر مری میں کیمپ آفس بنا کر بیٹھوں گا تاکہ ٹریفک انتظامات کی مؤثر نگرانی ہو اور سیاحوں کو کسی قسم کے ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Leave a reply