راولپنڈی تھانہ چونترہ ایس ایچ او معطل
راولپنڈی :راولپنڈی پولیس میں احتساب کا عمل زور پکڑ گیا،سی پی او نے قبضہ مافیا کے ساتھ تعلقات کے الزام میں تھانہ چونترہ کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا،پولیس نے عوام کو مافیا سے بچانا ہے،انسپکٹر تو آفیسر رینک ہے،میں کانسٹیبل کے کسی بھی قسم کے مافیا سے تعلقات برداشت نہیں کروں گا،سی پی او کی پولیس افسران سے بات چیت،تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس میں محکمانہ احتساب کا عمل روز بروز زور پکڑتا جا رہا ہے،پروفیشنل کمانڈ کی وجہ سے راولپنڈی پولیس 24/7پولیسنگ کرتی نظر آ رہی ہے،اتوار کو چھٹی کے باوجود سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے سی پی او ہاؤس کے کیمپ آفس میں پولیس افسران کو طلب کیا،اسی دوران سی پی او کو اطلاع ملی کہ تھانہ چونترہ کا ایس ایچ او علاقہ کے بدنام زمانہ قبضہ مافیا کے ساتھ نہ صرف رابطے میں ہے بلکہ اس کے قبضہ مافیا کے ساتھ تعلقات ہیں جس کی وجہ سے قبضہ مافیا کروڑوں روپے کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ کر لیتا ہے،سی پی او نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کی تو ایس پی صدر نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کر دی کہ ایس ایچ او تھانہ چونترہ کے قبضہ مافیا کے ساتھ تعلقات ہیں جس پر سی پی او نے فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او چونترہ انسپکٹر ملک نعیم اختر کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا،سی پی او فیصل رانا نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے کمانڈر کی حیثیت سے میں یہ بات سوچ بھی نہیں سکتا کہ قانون کی محافظ پولیس فور س میں انسپکٹر لیول کا آفیسر ایس ایچ او ہوتے ہوئے قبضہ مافیا کے ساتھ لنک اپ ہو،پولیس نے تو قبضہ مافیا سمیت ہر قسم کے مافیا کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے،انہوں نے کہا کہ معطل ایس ایچ او کے خلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری ہوگی جس کے بعد الزامات ثابت ہونے پر سخت محکمانہ سزا دی جائے گی جو ملازمت سے برخاستگی بھی ہو سکتی ہے،سی پی او نے تمام ڈویژنز کے ایس پیز کو ہدائت کی کہ وہ ماتحت پولیس افسران اور ملازمین کے کنڈکٹ پر نظر رکھیں،اگر کوئی پولیس آفیسر یا ملازم قانون شکنی میں براہ راست ملوث ہے یا قانون شکنوں کا سہولت کار ہے تو اس کے خلاف ثبوت بھجوائیں ایسے ملازمین و افسران کو ایک لمحہ کے لئے بھی محکمہ میں برداشت نہیں کیا جائے گا،واضح رہے کہ گزشتہ10دنوں میں یہ چوتھاایس ایچ او ہے جسے سی پی او نے محکمانہ احتساب کے تحت معطل کیا ہے،عوامی حلقوں نے سی پی او کے محکمانہ احتساب کے عمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا پولیس کمانڈر راولپنڈی کی عوام کو مدتوں بعد ملا ہے عوام پولیس کے پشتی بان ہیں قانون پسند عوام اور فیصل رانا کی قیادت میں پولیس فورس مل کر قانون شکنوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لائیں گے جبکہ پولیس میں موجود قانون شکنوں یا ان کے سہولت کاروں کو بھی بے نقاب کر کے راولپنڈی پولیس کو ان سے پاک کیا جائے گا۔