پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےعدالت سے شہباز شریف کا ہتکِ عزت کا دعویٰ خارج کرنے کی استدعاکرنے پر وزیراعظم عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا-

باغی ٹی وی : مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑکے عدالتوں میں فیل ہونے کے بعد عمران صاحب اپنے الزامات خود واپس لے رہے ہیں، یہ ہے ان کی سیاست کی حقیقت ،پاناما میں پیسے دینے کا جھوٹ بولنے کی درخواست واپس لینے سے کام نہیں چلے گا،عدالت عمران صاحب کو ان کے جھوٹ پر سزا دے-

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف اور قوم سے جھوٹ بولنے پر معافی مانگیں، درخواست واپس لینے سے آپ کوبھاگنے نہیں دیں گے ،کسی پر الزام ، کسی پر بہتان لگانا، کسی کے خلاف جھوٹ بولنا، عمران صاحب یہ آپ ریاست مدینہ بنارہے ہیں؟-

انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام میں آپ کے جھوٹ بولنے سے سیاسی مخالفین کی جو ہتک عزت ہوئی، عمران صاحب اس کا جواب دیں عدالت اس درخواست کو منظور نہ کرے بلکہ عمران صاحب کے خلاف قانونی کارروائی کرے ابھی تو ایک درخواست واپس لی ہے،عمران صاحب کو اپنا ہر الزام، بہتان اور جھوٹ واپس لینا پڑے گا-

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال بعد ہتک عزت کے مقدمے میں عدالت سے درخواست واپس لینے سے آپ کو فرار نہیں ہونے دیں گے عمران صاحب شہبازشریف پر جس طرح جھوٹا الزام لگایا تھا، اب سرعام معافی بھی مانگیں-

مریم نے مزید کہا کہ عمران صاحب نے آخر اعتراف کرلیا کہ پاناما پر شہبازشریف نے پیسے دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی تھیاللہ تعالی کا شکر ہے کہ شہبازشریف کو سرخرو اور سچا ثابت کیا اور جھوٹ کا منہ ایک اور مرتبہ کالا ہوگیا –

ترجمان نے کہا کہ تین سال سے عمران صاحب التوا کے پیچھے چھپے رہے ، اب شہبازشریف کا دعوی خارج کرنے کی درخواست ان کا نیا پینترا ہے دو سال سے زائد عرصے سے عمران صاحب اپنی ہی دائر کردہ درخواست کے حق میں کوئی دلائل پیش نہیں کرسکے درخواست واپس لینا واضح ثبوت ہے کہ عمران صاحب نے جھوٹ بولا تھا-

انہوں نے کہا کہ یہ ہتھکنڈا ایک بار پھر ان کے جھوٹ، بدنیتی اور سیاسی انتقام پر مبنی رویہ کی کھلی نشانی ہے عمران صاحب نے اعتراف کرلیا ہے کہ شہبازشریف نے انہیں براہ راست پیسہ دینے کی کوئی پیشکش نہیں کی تھی اس اعتراف سے عمران صاحب کا سچائی اور ایمان داری کا لبادہ تار تار ہوچکا ہے-

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کا سیاسی انتقام پر مبنی احتساب کا جھوٹا بیانیہ دفن ہوگیا، اب پیسے دینے کے جھوٹ سے بھی بھاگ گئے عمران صاحب آپ ان شاءاللہ اپنا ہر جھوٹ ، بہتان اور الزام واپس لیں گے-

Shares: