ڈکیتی کی بڑی واردات، ملزمان 3 کروڑ مالیت کے بونڈ لوٹ کر فرار
کراچی: جمشید روڈ پر رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان بلڈر کے رائیڈر سے 3 کروڑ مالیت کے بونڈ لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جمشیدروڈ پر رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی ، جہاں مسلح ملزمان بلڈر کے رائیڈر سے 3 کروڑ مالیت کے بونڈ لوٹ کر فرار ہوگئے۔ڈکیتی کے دوران ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں رائیڈر کے پیچھے ملزمان کو جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔واردات جمشید روڈ نمبر 2 پر بینک کے باہر کی گئی ، پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ 4 موٹرسائیکل پر 6 ملزمان موجود تھے۔ پولیس کے مطابق بلڈر کے پاس 3 روز قبل 3 کروڑ روپےکی پیمنٹ آئی، پیمنٹ 25 ہزار روپے کے بانڈ کی شکل میں تھی۔ یاد رہے گذشتہ ماہ نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب چار ملزمان نے نجی بینک میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر بینک اسٹاف اور سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنایا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ اس موقع پر دو سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے رائفل کے بٹ مار کر انھیں زخمی کردیا تھا۔