سنگاپور:میزائل تجربات پرپابندی لگانے کامطالبہ،اطلاعات کے مطابق امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان کے وزرائے دفاع نے سنگاپور میں منعقد ایشیائی سیکورٹی فورم کے موقع پر ملاقات کرکے اپنے اپنے علاقوں میں جوہری اور بیلسٹک میزائلوں کے مسلسل تجربات کو روکنے کے تعلق سے بات چیت کی ۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جنوبی کوریا کے لی جونگ سوپ اور جاپان کے کشی نوبوو کے ساتھ شمالی کوریاکی طرف سے نیوکلیائی خطرے اور تائیوان ، مشرقی اورجنوبی بحیرہ چین میں چین کی کارروائیوں پر بات چیت کی۔شمالی کوریا کے معاملے پر امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ جس طرح سے شمالی کوریا مسلسل میزائل تجربات کر رہا ہے، اس کے پیش نظر اب ضرورت ہے کہ تمام اتحادیوں کو مل کر مزید ٹھوس سکیورٹی پر کام کریں۔

انھوں نے کہا’’ ہم مل کر جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل نظام کے خلاف اپنی توسیعی انسدادی صلاحیت کو مضبوط کرتے رہیں گے۔ ہم نے اس وقت سفارتی راستے کھلے رکھے ہیں اور مستقبل میں جارحیت سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔‘‘

تائیوان کے معاملے پر مسٹر آسٹن نے کہا کہ امریکہ ایک چین پالیسی پر اپنے وعدوں کو پورا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم چین سے تائیوان کی آزادی کی حمایت نہیں کرتے لیکن ہم دونوں فریقوں کی طرف سے موجودہ حیثیت میں کسی بھی تبدیلی کی یکسر مخالفت کرتے ہیں۔

Shares: