ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی،تین روز میں 639 مقدمات درج

ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی جاری، 68 افراد گرفتار،639 مقدمات درج

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی ہدایت پر ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف تمام اضلاع میں کارروائی جاری ہے اور گزشتہ تین روز میں 68 افراد کو گرفتار اور639 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔کارروائی سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں 20، راولپنڈی 35، بھکر10،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک اور اوکاڑہ میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی سے متعلق شکایات (DVRs)کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اورتمام محکمے اور فیلڈ افسران انسداد ڈینگی سے متعلق جاری گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابوپانے کیلئے لاروا کی تلفی نہایت ضروری ہے، اس سلسلے میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو تیز کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے مچھروں کے خاتمے کیلئے فوگنگ اور سپرے کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔سرکاری ہسپتالوں کے ڈینگی وارڈز میں مریضوں کیلئے 2574بیڈز مختص ہیں۔

310ڈینگی مریض پنجاب کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ صوبہ میں رواں سال اب تک1623کنفرم ڈینگی کیسز اورچاراموات رپورٹ ہوئی ہیں۔لاہور میں 731،راولپنڈی621، گوجرانوالہ119، فیصل آبادمیں 37کیسز سامنے آئے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اورمحکمہ صحت کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

انیل مسرت منموہن سنگھ کے ہمراہ سیلفی بنانے لگے تو کیا ہوا؟

سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کا کرونا ٹیسٹ، کیا آئی رپورٹ؟

ڈینگی کا ڈنگ تیز، ہسپتال بھر گئے

لاہور میں ڈینگی کیسز کی شرح میں کمی

علاوہ ازیں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک نے ملتان کے بھکل بیر بنیادی مرکز صحت کا اچانک دورہ کیا۔بنیادی مرکز صحت میں صفائی ستھرائی کے انتظامات، ڈاکٹر و عملہ کی حاضری چیک کی صوبائی وزیر صحت نے بنیادی مرکز صحت میں مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ حاضری رجسٹر کی چیکنگ کے دوران حاضری رجسٹر میں سٹاف کی حاضری کا اندراج نہیں تھا جس پر ڈاکٹر اختر ملک نے نوٹس لیتے ہوئے سینٹری انسپکٹر محمد ارشد اور مڈوائف ناہید کاظم ڈیوٹی سے غائب، شوکاز نوٹس جاری کرنے اور سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر علی مہدی کو بنیادی مرکز صحت کا دورہ کرکے مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کا کسی بھی وقت اچانک دورہ کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں۔زیادہ ڈینگی کے کیسز والے علاقوں میں ڈینگی سٹاف کو بڑھایا جائیگا۔انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک کی ہدایت پر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں لاہور اور راولپنڈی میں ڈینگی کی انسدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں لاہور اور راولپنڈی میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ایڈیشنل ورٹیکل پروگرامز، ڈائریکٹر ای پی ائی، ڈائریکٹر فارمیسی اور سی ای او لاہور نے شرکت کی جبکہ سی ای او ہیلتھ راولپنڈی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔سی ای اوز لاہور اور راولپنڈی کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لئے جاری سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن اور راولپنڈی میں پوٹھوہار ٹاؤن میں ڈینگی کے کیسز زیادہ سامنے آرہے ہیں۔رواں سال میں لاہور میں ڈینگی کے 4087 مشتبہ جبکہ 721 کنفرم کیسز سامنے آئے۔ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا کہ لاہور میں اب تک 32000 سے زائد مقامات پر فوگنگ سپرے کیا گیا۔ 75237 نوٹس دئے گئے جبکہ 2989 ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے ہدایت کی کہ زیادہ ڈینگی کے کیسز والے علاقوں میں ڈینگی سٹاف کی تعداد بڑھائی جائے اور قبرستان، جنکیارڈ، زیادہ سبزہ والے علاقوں میں فوگنگ سپرے کروایا جائے۔فوگنگ سپرے سے متعلق شہریوں کو مکمل آگہی دی جائے۔

Comments are closed.