ڈیرہ اللہ یار کے علاقے میں زرعی اور پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف نیشنل پارٹی کی جانب سے قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ جاری ہے، احتجاجی مظاہرے کے دوران مظاہرین نے قومی شاہراہ پر ٹائر جلا کر قومی شاہراہ کو بلاک کردیا ہے، مظاہرین نے محکمہ ایریگیشن کے خلاف نعرے بازی کی ہے، قومی شاہراہ بلاک ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ سخت گرمی کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے.
مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ ایریگیشن کے اعلیٰ حکام کی نااہلی اور لاپرواہی نے جعفر آباد اور صحبت پور اضلاع کی زمینوں کو بنجر بنا دیا ہے، بلوچستان کو اسکے حصے کا 9000 کیوسک پانی پٹ فیڈر کینال اور کھیرتھر کینال کے ذریعے دیا جائے، نہری پانی نہ ہونے سے کاشکار اور زمینداروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اگر رواں سال بھی چاول کی کاشت نہ ہوسکی تو علاقہ معاشی تباہی کا شکار ہوجائے گا، اسکے اثرات صوبے کی معیشت پر بھی پڑیں گے.