ڈیجیٹلائزیشن میں ایوان صدر پارلیمنٹ سے بازی لے گیا

0
36

ڈیجیٹلائزیشن میں ایوان صدر پارلیمنٹ سے بازی لے گیا

باغی ٹی وی : پاکستان کے ایوان صدر کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو گئی جبکہ پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل 2023ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ایوان صدر کو ڈیجٹلائز کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عصر حاضر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بہت اہمیت اختیار کر چکی ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے نظام میں شفافیت کے ساتھ کارکردگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے، حکومتی ادارے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیز رفتار ترقی نے معاشرے میں انقلاب برپا کر دیا ہے، فور جی اور فائیو جی نے انٹرنیٹ کو تیز رفتار کر دیا ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے انسان کیلئے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں اور اس کی کارکردگی اور رفتار کئی گنا زیادہ ہو گئی ہے۔

صدر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے انسان کی معلومات کا ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور کسی بھی چیز کے بارے میں معلومات آسانی سے انٹرنیٹ کے ذریعے معلوم کی جا سکتی ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی جاری ہے اور یہ عمل 2023ء تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد ارکان پارلیمنٹ کو پارلیمانی کارروائی سے متعلق معلومات اُن کے ڈیسک ٹاپ پر دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف 2011ء میں ہی ٹیکنالوجی کی جانب منتقل ہو گئی تھی، ہم نے پارٹی انتخابات موبائل فون کے ذریعے کرائے جس میں 35 لاکھ رائے دہندگان نے حصہ لیا۔

Leave a reply