ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس

0
27

ننکانہ صاحب: نمائندہ باغی ٹی وی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے کی،اجلاس میں جبری مشقت اور چائلڈ لیبر سمیت بھٹہ مزدوروں کی اجرت جیسے معاملات زیر غور آئے۔ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبرننکانہ صاحب بخت یار خاں،لیبر آفیسر ننکانہ صاحب ، محکمہ ماحولیات ، سوشل ویلفئیر، بھٹہ مالکان ،بھٹہ پر کام کرنے والے مزدور نمائندوں کے علاوہ مختلف این جی اوز کے عہدے داران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے محکمہ لیبر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع بھر سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کریں اوراس حوالے سے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف فوری ایکشن لیں ، بھٹہ مزدوروں کو حکومت کی طرف سے رائج کردہ مزدوری کی ادائیگی کوہر قیمت پر یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ لیبر کے افسران کو ہدایت کی کہ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کے سوشل سیکورٹی کارڈزکا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مزدوروں کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان بھی تمام ضروری طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے محکمہ لیبرکے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سوشل سیکورٹی کی ڈسپنسریوں میں ادویات کے اسٹاک کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،کم اجرت دینے والے پرائیویٹ سکولوں اور فیکٹریوں کے مالکان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے جبکہ مزدوروں کی پینشن اور سکالرشپ وقت پر ادا کی جائیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر بخت یار خاں نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کو چائلڈلیبر کے خاتمہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ماہ نومبر کے دوران بھٹہ مزدوروں کو 480سے زائد سوشل سیکورٹی کارڈ تقسیم کیے گئے ہیں، ضلع بھر میں چائلڈلیبر ایکٹ کے تحت محکمہ لیبر، محکمہ ماحولیات ودیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے کی جانے والے کاروا ئی کے دوران 20بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے جاچکے ہیںجبکہ کم اجرت دینے والے 15بھٹوں کے چالان جبکہ دوکانوں پر چائلڈ لیبر آرڈیننس کی خلاف ورزی پر 07کیس عدالت کو بھجوائے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ ضلع ننکانہ صاحب کی حدود میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے قانون پر سختی سے عمل درآمدکو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔
ترجمان ڈپٹی کمشنر ننکانہ

Leave a reply