سندھ ہائی کورٹ میں2پولیس اہلکاروں کے قتل میں سزا یافتہ ملزم کی اپیل کا فیصلہ کرلیا گیا، عدالت نے ملزم اعجاز شاہ کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرلی۔
اپیل کی سماعت کے موقع پر سندھ ہائی کورٹ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی ) کی جانب سے دی گئی سزا کالعدم قرار دے دی، عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ملزم کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہے تو رہا کیا جائے۔
جج کا کہنا تھا کہ بتایا گیا کہ ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے لیکن عدالت کو اس کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا، ملزم کی جانب سے پولیس حراست میں دئیے گئےاعترافی بیان کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر اے ایس آئی عارف اور ہیڈ کانسٹیبل ندیم کو قتل کرنے کا الزام تھا، ملزم کو اے ٹی سی نے اکتوبر 2018میں2مرتبہ عمرقید کی سزا سنائی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یکم مئی 2006میں ملزمان نے پنجاب کالونی کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ کی تھی، ملزمان کے فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔