نئی دہلی :ہندوستان میں قیامت خیزگرمی؛آسمان سے پرندوں کی بارش،اطلاعات کےمطابق بھارت میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر نے فضاؤں میں اُڑان بھرنے والے پرندوں پر قہرڈھادیا۔
پاکستان کی طرح بھارت اور خطے کے دیگر ممالک بھی ان دنوں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔ بھارت کی کئی ریاستوں میں گرمی اس قدر شدید ہے کہ اڑتے پرندے بھی آسمان سے گرنے لگے ہیں۔
ریاست گجرات میں امدادی کارکن روزانہ کی بنیاد پر زمین پر گرنے والے درجنوں پرندوں کو اُٹھار ہے ہیں۔ سڑکوں پر پڑے پیاسے پرندے موت کے دہانے پر آخری سانسیں لیتے ہوئے دیکھے جارہے ہیں۔
ویٹرنری ڈاکٹرز اور جانوروں کو بچانے والے امدادی کارکنوں کا کہنا تھا کہ گرمی کی بدترین شدید لہرکی وجہ سے پانی کے ذخیرے خشک ہورہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں چلچلاتی گرمی سے دوچار ہونے ہزاروں پرندوں کا علاج کیا گیا ہے۔
گجرات میں صحت کے حکام نے درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے متعلق دوسری بیماریوں کے لئے اسپتالوں میں خصوصی وارڈز قائم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں آگ برساتی گرمی کی لہر نے 66 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے جب کہ شدید حبس کی وجہ سے گرمی کی شدت اس سے کئی درجے زیادہ محسوس ہورہی ہے۔








