وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے قائم کردہ ٹاسک فورس برائے متروکہ وقف املاک بورڈ کا دوسرا اہم اجلاس آج ہوا ہے جس میں بورڈ کی موجودہ کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا گیا،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ اجلاس وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عشرت حسین کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد، وزارت مذہبی امور کے سینئر جوانٹ سیکرٹری طاہر احسان ،وزارت قانون سے بیرسٹر ظہور احمد سمیت سردار مہندر پال ایم پی اے ،سردار بشن سنگھ ،ڈاکٹر منور چاند ،دیوان چند چاولہ ،سنتوک سنگھ ،روی کمار سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی ۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس کے دوران چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے بورڈ کی موجودہ کارکردگی کے حوالہ سے کمیٹی کو آگاہ کیا، اس دوران ٹاسک فورس نے چیئرمین کی کارکردگی کو سراہا اورانہیں موجود ہ رفتار سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈآکٹر عشرت حسین کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں پہلی میٹنگ کے فیصلوں بارے جائزہ لیا گیا اورمتعلقہ سب کمیٹی ممبران کو جلد از جلد سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تا کہ اگست کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونے والی ٹاسک فورس کی تیسر ی میٹنگ میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر وزیر اعظم کی ہدایا ت کے مطابق انکو حتمی رپوٹ پیش کی جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے قائم کردہ ٹآسک فورس برائے متروکہ وقف املاک بورڈ کو دوسرا اہم اجلاس تھا جس میں بورڈکی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کیلئے اہم فیصلے کئے گئے.