غربت کی ماری عوام ، الیکشن کا ماحول؟ تجزیہ ، شہزاد قریشی

برادریوں اور اپنے مفادات کی بنیاد پر ووٹ دینے والے عوام قوم کی امانت سمجھ کر ووٹ دیں
0
150
qureshi

وقت کی پابندی اس وقت پورے ملک میں کوئی اور انتظامی ادارہ ، بیورو کریٹ ، بیورو کریسی کے افسران ، ضلعی انتطامی کے محکمے ،پنجاب اور دیگر صوگوں میں تعینات اعلٰی افران کریں یا نہ کریں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ مقررہ وقت پر کی جاتی ہے ۔ اربوں ڈالرز کے ہم مقروض ہیں ہمارے انتظامی افسران کا ٹھاٹھ باٹ دیکھنے والا ہے۔

بدعنوانیوں کی کہانیاں انہی افسران کے دفاتر سے شروع ہوتی ہیں اور بدکردار سیاستدانوں کے محلوں تک پہنچتی ہیں۔ معاشرے کے ناسور کرپٹ ترین افسران بعض اوقات کرپشن کی تحقیقات کرتے نظر آتے ہیں۔ معاشی تاریکیوں کے بسرے نے پورے ملک کی عوام کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔غربت کے مارے عوام ہوش وحواس کھو بیٹھے ہیں۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ کون سی سیاست کیسی سیاست کون سی جمہوریت کیسی جمہوریت کون سا آئین ،کیسا آئین ۔ جو آئین موجود ہے سیاستدانوں نے اس آئین میں ایسے ایسے سوراخ کردئیے خدا کی پناہ ۔ جمہوریت کی شکل کو بگاڑ دیا ہے ۔ جمہور مسائل میں پھنسی ہے ۔ الیکشن قریب ہے۔ الیکشن کا اگر ماحول نہیں بن رہا تو سینہ کوبی کی ضرورت نہیں ۔ جن عوام نے ماحول بنانا تھا وہ دال روٹی کو ترس رہے ،بجلی گیس کے بلوں کو دیکھ کر خوفزدہ ہو رہے ۔ گھروں کا سامان فروخت کرکے بل ادا کررہے ہیں۔ سیاسی جماعتیں انتخابات کا اصرار تو کرتی ہیں معیشت کی بحالی کیسے ہو گی کیسے کریں گے کوئی سیاسی جماعت تادم تحریر عوام کو نہیں بتا سکی۔

آج پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک انتہائی اہم سیاسی رہنما نے بتایا کہ میاں محمد نواز شریف جلد ہی عوام کے سامنے اپنا منشور رکھیں گے جس مین سب سے اہم ملکی معیشت کی بحالی اور عوام کی بنیادی ضروریات زندگی شامل ہوں گی۔ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ضرور وزارت اعظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہوں مگر پاکستان کو ترقی یافتہ صف ممالک میں کھڑا کرنا بھی آپ کی ذمہ داری میں شامل ہونا چاہیئے ۔ مہنگائی ،بے روزگاری اپنے عروج کی طرف گامزن ہے لوگوں کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے ۔ یاد رکھیئے چین۔ امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کے اپنے مفادات ہیں ہمیں اپنے ملک اور اپنی عوام کے مفادات سامنے رکھ کر سیاسی ڈگڈگی بجانا ہوگی۔ اپنے ملکی وسائل پر توجہد ینے کی ضرورت ہے ۔ برادریوں اور اپنے مفادات کی بنیاد پر ووٹ دینے والے عوام قوم کی امانت سمجھ کر ووٹ دیں قومی مفادات کو سامنے رکھ کر ووٹ دیں الیکشن ایک موقع ہے اپنی غلطیوں کا محاسبہ کریں۔(تجزیہ شہزادقریشی)

Leave a reply