ایلون مسک کا ٹوئٹر کو خریدنے کا فیصلہ، کمپنی کو اربوں ڈالرز کی پیشکش بھی کردی

0
47

الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بانی سربراہ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو اکتالیس بلین ڈالر نقد کے عوض خریدنے کی پیشکش کر دی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اپنی اس پیشکش کے ساتھ یہ بھی کہا کہ مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کی مزید ترقی اس کو آزادی اظہار رائے کا مزید مؤثر ذریعہ بننے کے لیے ضروری ہے کہ اسے پرائیویٹ بنا دیا جائے۔

ایلون مسک نے اپنے خط میں ٹوئٹر کے بورڈ کو پیشکش کی کہ وہ اس کمپنی کے ہر شیئر کو 54.20 امریکی ڈالر کے عوض خریدنے پر تیار ہیں۔ رواں مہینے کے اوائل میں عام کاروبار کا وہ آخری دن تھا، جس کے اگلے ہی روز یہ بات بھی منظر عام پر آ گئی تھی کہ الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے بانی سربراہ نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے نو فیصد سے زائد حصص خرید لیے ہیں۔

تاہم، ایلون مسک کی طرف سے ٹوئٹر کے نو فیصد سے زائد حصص خریدے جانے کے بعد کمپنی کے بورڈ نے اس نئے شیئر ہولڈر کو یہ پیشکش بھی کر دی تھی کہ وہ چاہیں تو ٹوئٹر کے انتظامی بورڈ کے رکن بھی بن سکتے ہیں۔ ایلون مسک نے یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق مسک نے ٹوئٹر کے بورڈ کی رکنیت سے اس لیے انکار کر دیا تھا کہ وہ پہلے ہی سے یہ ارادہ رکھتے تھے کہ وہ یہ سوشل میڈیا کمپنی خرید لیں۔ اس کا ایک ثبوت ان کا ٹوئٹر کے بورڈ کو لکھا جانے والا خط بھی ہے۔

یاد رہے، ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر کے نام اپنے خط میں لکھا ہے مجھے اس کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے کے بعد احساس ہوا کہ اپنی موجودہ شکل میں یہ کمپنی نہ تو بہت ترقی کر سکتی ہے اور نہ ہی یہ اپنا لازمی سماجی کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان دونوں باتوں کے لیے اسے ایک پرائیویٹ کمپنی میں بدلنا ضروری ہو گا

Leave a reply