بھارت میں قید 461 پاکستانی قیدیوں کی فہرست کا پاکستان کے ساتھ تبادلہ”

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے بیک وقت بھارت میں قید 461 پاکستانی قیدیوں کی فہرست کا پاکستان کے ساتھ تبادلہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کے بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ساتھ پاکستان میں زیرِ حراست 682 ہندوستانی قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قیدیوں میں 49 شہری اور 633 ماہی گیر شامل ہیں، قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ 21 مئی 2008 کے پاک بھارت قونصلر رسائی کے معاہدے کی شق (1) کے تحت کیا گیا، اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو ہر سال 01 جنوری اور 01 جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے بیک وقت بھارت میں قید 461 پاکستانی قیدیوں کی فہرست کا پاکستان کے ساتھ تبادلہ کیا، بھارت میں قید پاکستانی قیدیوں میں 345 شہری اور 116 ماہی گیر شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ بھارت نے بھارت میں قید پاکستانیوں کی فہرست نئی ​​دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کو پیش کی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے اس سال جنوری میں بھی قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہوا تھا، پاکستان اور بھارت نے جوہری تنصیبات و سہولیات اورقیدیوں کی فہرست کا سالانہ تبادلہ کیا۔پاکستان میں جوہری تنصیبات اورقیدیوں کی فہرست باضابطہ طور پر بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی تھی ۔نئی دہلی میں ہندوستانی وزارت خارجہ نے ہندوستانی جوہری تنصیبات کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک معاہدے کے مطابق ہرسال یکم جنوری کو ایک دوسرے جوہری تنصیبات اورسہولیات سے آگاہ کرتے ہیں

Comments are closed.