وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

0
41

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

شفقت محمود نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی علاماتیں معمولی ہیں اور میں خود کو ٹھیک محسوس کررہا ہوں۔

انہوں نے سارا وقت ماسک پہننے اور ضروری ہدایات پر عملدر آمد پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بہت جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

ادھر تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونےوالا اجلاس ملتوی کردیا گیا ۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے ملک بھر میں بڑھتے کورونا کیسز کا جائزہ لیا جانا تھا ۔

وزارت تعلیم کا کہنا ہےکہ اجلاس اگلے ہفتے تک ملتوی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ایک بار پھر کورونا نے سراٹھا لیاہے ، ایک روز میں 3ہزار 019 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ، جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 12ہزار 267 ہوگئی ہے ۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5مریض انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 28ہزار 992ہوگئی ہے ۔ ملک میں ایک بار پھر مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد تک پہنچ گئی ۔

ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران 49 ہزار200 ٹیسٹ کئےگئے ہیں ، ملک میں کوروناکے651 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا۔

Leave a reply