سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے حکومتی اقدامات کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرسرفراز چیمہ نے کابینہ ڈویژن کے نوٹیفیکشن کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
آئینی ماہرین نے وفاقی حکومت کے نوٹیفیکشن کے خلاف پٹیشن تیار کرلی ہے جو کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کرنے کا امکان ہے عمرسرفراز چیمہ گورنر شپ سے ہٹانے کے کابینہ ڈویژن کے نوٹیفیکشن کو چیلنج کریں گے۔ عمرسرفراز چیمہ کاداخلہ روکنے کے لئے گورنرہاؤس کے باہر پولیس کی تعیناتی کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے اٹھایاجائے گا۔
دوسری طرف سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے کل اہم فیصلہ دیا جو کہ جمہوریت کو مضبوط کرے گا۔صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کےفیصلےکےبعدمنحرف ارکان نااہل ہوگئےہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پوری دنیا کو معلوم ہوگیا لیکن الیکشن کمیشن کو نہیں پتہ لگا کہ یہ ارکان بھگوڑے ہیں۔
ان کا کنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں شفاف الیکشن ممکن نہیں ہیں اس لئے چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے۔شفقت محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت اکثریت کھوچکی ہے، بچہ بچہ جانتا ہے موجودہ حکومت کرپٹ ہے۔