کولمبو: سری لنکا میں ایندھن کے سنگین بحران کے بعد اسکولز اورسرکاری دفاتردو ہفتوں کے لئے بند کردئیے گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں تیل کی درآمدات پرادائیگیاں نہ ہونے کے باعث ایندھن کا بحران سنگین ہوگیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طورپر معطل ہونے کے بعد حکومت نے اسکولز اورسرکاری دفاتردو ہفتوں کے لئے بند کردئیے ہیں۔وزارت تعلیم نے اساتذہ اورطلبا کو بجلی کی فراہمی پر آن لائن تعلیم کو یقینی بنانے کےلیے کہا ہے۔

سری لنکا کی وزارت پبلک ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی اورنجی گاڑیوں کوپیٹرول نہ ملنے کے باعث صرف ضروری عملے کودفاتربلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سری لنکا کی حکومت نے رواں ہفتےمیں پیٹرول کی بچت کے پیشِ نظر جمعے کی چھٹی کا اعلان کیا تھا تاہم اس اقدام کے باوجود بھی پیٹرول اسٹیشن کے باہر لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

ادھر چند دن پہلے اقوام متحدہ نے خبردار کیاتھا کہ مالی بحران کے باعث سری لنکا کو سنگین انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ شدید اقتصادی اور سیاسی بحران سے دوچار سری لنکا کو سنگین ترین انسانی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کی تنظیم برائے انسانی امور کے ترجمان ژینس لائرکے نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سری لنکا میں شدید معاشی بحران ایک سنگین انسانی بحران میں تبدیل ہوسکتا ہے جہاں پہلی ہی لاکھوں افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ترجمان اقوام متحدہ نے مزید بتایا کہ سری لنکا کے سنگین انسانی بحران کے شکار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ضروری اقدامات کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

Shares: