حدیقہ کیانی کے ڈیبیو ڈرامے کا پہلا ٹیزر جاری

0
42

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اداکاری کی پہلی جھلک شئیر کر دی-

باغی ٹی وی : ستمبر 2020 میں اداکارہ فریال محمود نے انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ جلد ہی گلوکارہ حدیقہ کیانی اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں گی۔

فریال محمود نے انسٹاگرام پر حدیقہ کیانی کے ہمراہ اپنی دو تصاویر پوسٹ کیں تھیں اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں گلوکارہ کے مداحوں کو ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے لکھا تھا کہ حدیقہ کیانی جلد ہی ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی اداکاری کا آغاز کرنے والی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا سرپرائز ہے کہ گلوکارہ حدیقہ کیانی ‘ رقیب سے’ نامی ڈرامے میں اپنا ایکٹنگ ڈیبیو کریں گی جو ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا۔

اور اب گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پراپنی اداکاری کی پہلی جھلک اور ڈرامے کا ایک نہایت مختصر ٹیزر شئیر کیا ٹیزر سامنے آنے کے بعد مداح حیران رہ گئےحدیقہ کیانی کو ان کی صحت اور فٹنس کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے اس وجہ سے ان کی اداکاری کی جھلکیاں سامنے آنے کے بعد مداح حیران رہ گئے اور وہ پہچاننے میں ہی نہیں آ رہیں۔


دوسری جانب حدیقہ کیانی نے اپنی اداکاری کے ڈیبیو کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل سے باتے کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہم ٹی وی کے لیے بنائے جانے والے ڈرامے ‘رقیب سے’ میں سکینہ نامی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

حدیقہ کیانی کا کہنا تھاکہ انہیں اداکاری کے آغاز کی یادیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔

انہوں نے اداکاری کو گلوکاری سے منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل اداکاری سے وہ اپنی ذات کو تلاش کر رہی ہیں اور سکینہ کا کردار ادا کرنے سے انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ کئی سال سے ایک سکینہ ان کے اندر موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈرامے میں سکینہ نامی ایک مضبوط خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی اور انہیں مذکورہ کردار سے سیکھنے اور سمجھنے کو بہت کچھ ملا۔

انہوں نے انٹر ویو کے دوران اعتراف کیا کہ ساتھی اداکاروں سے انہیں سیکھنے کو بہت کچھ مل رہا ہے اور خاص طور پر نعمان اعجاز اور ثانیہ سعید نے انہیں قیمتی مشورے بھی دیے، جن سے ان کی اداکاری بہتر ہوئی۔

نعمان اعجاز نے انہیں مشورہ دیا کہ اداکاری کے وقت وہ اپنی شخصیت، خیالات اور حقیقی زندگی کو بھلا کر کردار میں ڈھل جائیں، وہ صرف یہ سوچیں کہ ان کی ذات وہی ہے جس کا وہ کردار ادا کر رہی ہیں۔

حدیقہ کیانی نے بتایا کہ ‘رقیب سے’ کا ٹائٹل گانا بھی انہوں نے ہی گایا ہے، جس کی شاعری ان کی والدہ خاور کیانی نے لکھی ہے۔

‘رقیب سے’ میں حدیقہ کیانی کے علاوہ نعمان اعجاز، ثانیہ سعید، اقرا عزیز اور فریال مخدوم سمیت دیگر اداکار شامل ہیں اور اس کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

‘رقیب سے’ کو مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے جلد ہی ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا تاہم اسے نشر کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی ٹیلی ویژن پر اداکاری کرنے کے لیے تیار

Leave a reply