وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے وزیراعلیٰ آفس میں نیدر لینڈ کے سفیر ووٹر پلمپ (Mr. Wouter Plomp) نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ماحولیاتی تغیرات و موسمی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال اور جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں زراعت، فوڈ سکیورٹی، فوڈ پروسیسنگ، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔
بجلی کے نرخوں میں اضافے کی سفارش کابینہ نے مسترد کی،وفاقی وزیر
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان او رنیدرلینڈ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجو د ہیں۔جی ایس پی پلس کے لئے سپورٹ پرنیدر لینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پنجاب میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، فوڈسکیورٹی، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ کو زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبو ں میں خاص مہارت حاصل ہے۔پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے اور زرعی معیشت کا فروغ ہماری ترجیح ہے-فوڈ سکیورٹی اور زرعی شعبے میں پیداوار بڑھانے کیلئے نیدر لینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
فیری سروس سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا،صدر عارف علوی
انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں نیدر لینڈ کی تکینکی معاونت سے فائدہ پنجاب کے کاشتکاروں کو پہنچے گا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کے لئے بہت بڑا چیلنج ہیں۔پاکستان کو بھی ماحولیاتی تغیرات کا سامنا ہے۔اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم کو تیزی سے مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
نیدر لینڈ کے سفیر نے کہا کہ پنجاب کے زرعی شعبے میں تعاون کے بہت مواقع موجود ہیں – پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتے ہیں -نیدر لینڈ کے اکنامک قونصلر پال ایڈرر (Mr. Paul Ederer)، لاہور میں نیدرلینڈ کی اعزازی قونصل عاصمہ حامد، لیگل ایڈوائزر علی رضا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام انتظامی مشینری کو 24/7 الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ کمشنرز اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے تناظر میں تمام تیاریاں مکمل رکھیں۔دریاؤں کے بیڈکے اندر آبادیوں کا بروقت انخلاء پہلی ترجیح ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے بیڈکے اندر تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور دریاؤں کے بیڈکے اندر آبادیوں کے بروقت انخلاء یقینی بنانے کے لئے عوامی نمائندوں کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔موسم کی صورتحال انتہائی غیر متوقع ہے اور غیر معمولی موسمی حالات کے پیش نظر آپ کی تیاریوں کا لیول بھی غیر معمولی اقدامات کا متقاضی ہے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ کے پلان تیار ہیں، اصل چیلنج پلان پر عملدرآمد ہوتا ہے۔آپ کی تیاریاں زمین پر نظر آنی چاہئیں اور جہاں بھی کمی کوتاہی ہے، فی الفور دور کی جائے۔ مخلوق خدا کو تکلیف ہوئی تو سخت ایکشن لوں گا۔تمام متعلقہ صوبائی اور وفاقی ادارے مربوط اور بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنرز کو دریاؤں کے بند کی انسپکشن کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سطح پر مستند معلومات اور ڈیٹا کیلئے تمام انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔تھرڈ پارٹی آڈٹ کا کام پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کرایا جائے اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کا ادارہ جاتی میکنزم تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی ناگہانی آفت کی صورت میں محکمہ صحت کے پاس ضروری ادویات خصوصاً سانپ کے کاٹے کے علاج کیلئے ادویات وافر مقدار میں موجود ہونی چاہئیں۔ واساز سے متعلقہ ایشوز کو جلد حل کیا جائے۔ بارشوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ساتھ تسلسل کے ساتھ رابطے میں رہا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلاب اور مون سون کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈویژنل کمشنرز نے اپنے اضلاع میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے پیشگی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری آبپاشی، کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، فورکور کے نمائندے، ڈی جی ریسکیو1122 اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر ملک محمد احمد خان اور ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔