تحصیل کونسل حویلیاں کا 2019-20ء کیلئے 24 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار کا بجٹ پیش

0
83

ایبٹ آباد۔ 24 جولائی (اے پی پی) تحصیل کونسل حویلیاں کا 24 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار کا بجٹ سال 2019-20ء پیش کر دیا گیا۔ تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز نے بجٹ پیش کیا۔ ممبران تحصیل کونسل نے متفقہ طور پر بجٹ کی منظوری دیدی ہے۔ تحصیل کونسل حویلیاں کا بجٹ اجلاس کنوینر سردار طاہر حبیب عباسی کونسل ہال میں منعقد ہوا جس میں سال 2019-20ء کے سالانہ بجٹ پیش کیا گیا۔ تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز نے کونسل میں آئندہ مالی سال کیلئے 24 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار کا بجٹ پیش کیا جس میں 23 کروڑ 89 لاکھ 50 ہزار کی متوقع آمدنی کا تخمینہ ظاہر کیا گیا جبکہ ترقیاتی مد میں 14 کروڑ 46 لاکھ کی رقم مختص کی گئی اور غیر ترقیاتی فنڈ میں 9 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے۔ تحصیل ناظم سردار ارسل نے کہا کہ گذشتہ سال صوبائی حکومت کی طرف سے عدم تعاون اور پی ایف سی کی مد میں صرف دو اقساط ہی موصول ہوئیں تاہم ٹی ایم اے نے ترقیاتی پروگرام کو بڑھایا۔ اس ضمن میں ٹی ایم اے سٹاف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ کنوینر سردار طاہر حبیب نے اجلاس ایک گھنٹہ کیلئے ملتوی کرنے کے بعد دوبارہ اجلاس طلب کیا جس میں ممبران نے بجٹ میں اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ اپوزیشن لیڈر افتخار احمد خان نے کہا کہ حویلیاں شہر کیلئے اب تک کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا گیا جس کیلئے ضروری ہے کہ شہر میں نامکمل ٹی ایم اے پلازوں پر فوری کام شروع کیا جائے تاکہ ٹی ایم اے کی آمدنی میں اضافہ ہو اور جن افراد نے دس سال سے سیکورٹی کیلئے رقم جمع کروا رکھی ہے ان کو بھی ریلیف دیا جائے۔ ممبر تحصیل کونسل امجد اقبال تنولی نے کہا کہ حویلیاں میں حیوانات ہسپتال کی جگہ کو خالی کرانے کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے تاکہ اس جگہ کو شہرمیں کسی بڑے منصوبہ کیلئے استعمال کیا جائے۔ بجٹ اجلاس سے دیگرممبران نے بھی خطاب کیا۔کنوینر سردار طاہر حبیب نے بجٹ سال 2019-20ء کو منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا

Leave a reply