ملک میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری

0
91

ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے، مہنگائی کی شرح 41 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے میں 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی رپورٹ جاری کی ہے۔ نومبر کا آخری ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں جبکہ 14 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح تاحال 41 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے پیاز فی کلو 22 روپے 68 پیسے مہنگی ہو گئی، ایک ہفتے کے دوران لہسن کی فی کلو قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر، آلو ، چینی سمیت 14 اشیاء سستی بھی ہوئیں۔ رواں ہفتے ٹماٹر فی کلو 28 روپے 95 پیسے تک سستے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال ماش فی کلو 3 روپے 49 پیسے تک مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران دال مسور فی کلو 1 روپے 50 پیسے سے زائد جبکہ انڈے فی درجن ایک روپےمہنگی ہوئے۔ایک ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت میں 4 روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 50 پیسے کمی آئی جبکہ چائے کی پتی، گھی ، گندم کا آٹا بھی سستا ہوا۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بریڈ ماچس، کپڑوں سمیت 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 23 فیصد کی معمولی کمی آئی۔

Leave a reply