اسلام آباد:یہ بات طئے ہے کہ اگرای وی ایم پر الیکشن نہ ہوئے حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں دے گی:،اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر نہیں ہوئے تو وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈز نہیں دے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ قانون میں تبدیلی کے بعد ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے لیے اگلے تمام ضمنی الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کرانا لازمی ہیں اور اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر نہیں ہوتے تو حکومت الیکشن کمیشن کو فنڈ نہیں کر سکے گی کیونکہ قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو مانتا ہے۔
اس حوالےسے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر قانون کا بھی یہی ماننا ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے تب ہی فنڈ دے سکے گی جب وہ الیکشن ای وی ایم پر ہوں گے لہٰذا ہم نے ایک کمیٹی بنائی ہے اور اب سے حکومت انہی انتخابات کو فنڈ کر سکے گی جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد ہوں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے لاہور میں ووٹ خریدنے کی ویڈیو پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ سینیٹ کے انتخابات میں جس طرح سے ووٹ کی خریداریاں ہوئیں، اگر اس وقت اس پر تیزی سے عمل کیا جاتا تو آج ان انتخابات میں یہ صورتحال نظر نہ آتی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی جمہوری ملک میں جہاں انتخابات حکومت سازی کی بنیاد ہوتے ہیں، وہاں انتہائی اہم ہے کہ الیکشن کا سسٹم شفاف ہو اور اس پر تمام لوگوں کو اعتماد ہو لہٰذا الیکشن کمیشن کا مضبوط اور مؤثر ہونا بہت ضروری ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کو سینیٹ انتخابات کے ساتھ ساتھ لاہور میں ووٹ چوری کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔