اختیارات کا ناجائز استعمال، نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

قومی احتساب بیورو کراچی چیپٹر نے سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبد اللہ یوسف اور دیگر کے خلاف اختیارات کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈی جی نیب نجف قلی مرزا کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا ،جس میں مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ریجنل بورڈ کی 2 ریفرنسز اور2شکایات انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی۔

ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ منظور شدہ مقدمات میں قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایاگیا ، ایل یو، بورڈ آف ریوینیو سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی شکایت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق ملزم غلام مصطفی پھل،سابق ممبر ایل یو اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں جبکہ ڈی سی آصف میمن ،ای ڈی اواور دیگر بھی ملوث نکلے، ملزمان نے قیمتی سرکاری زمین کی کوڑیوں کے نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔

نیب کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈآف ریونیوافسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سفارش کردی ہے ، ملزمان میں سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق چئیرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر بھی اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 اعشاریہ 125 ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

بورڈ نے ڈی سی غربی فیاض سولنگی کے خلاف انکوائری کی اجازت دے دی، ملزم فیاض سولنگی کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق اجلاس میں بورڈ نے میگا کرپشن کیسز میں کامیاب تفتیش پر مشترکہ کمیٹیوں کو سراہا۔

Comments are closed.