اسلام آباد:سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر عمران خان سچے ثابت ہوئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ویمن ورکرز ونگ کنونشن سے قاسم خان سوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر عمران خان سچے ثابت ہوئے، عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والے لوٹوں نے منڈی میں کشمیر بیچا۔

انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ نا اہل ہوگئے اور عبرت کا نشانہ بنے، لوٹا کریسی کر کے پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی حکومت گرائی، کچھ خواتین نے بھی اپنا ضمیر بیچا اور عبرت بنی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم واحد مسلم ملک ہیں جو اسلام کے نام پر بنا، حق اور سچ کی جنگ میں سب سے بڑا کردار ہماری خواتین کا ہے، سب سے زیادہ نوجوان خواتین پاکستان میں ہیں، عمران خان پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کی جنگ لڑ رہے تھے۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ کیا امریکہ پاکستان میں سازش کے تحت رجیم چینج کرتا رہے گا؟ ساری عوام اس امپورٹڈ حکومت سے نجات حاصل کرنے کے لیے نکل پڑی ہے، ملتان کے خطاب میں آج اسلام آباد مارچ کا فیصلہ ہوگا۔

یاد رہے کہ آج الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا گیا۔

معاملے پر محفوظ فیصلہ چیف الیکشن کمیشنر سکند سلطان راجہ کی جانب سے سنایا گیا۔

جن 25 منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کیا گیا ان کے نام ملک غلام رسول، سعید اکبر خان، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر احمد چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان اور زوار حسین وڑائچ شامل ہیں۔ دیگر ڈی سیٹ ہونے والے اراکین میں محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمیٰ کاردار، ملک اسد علی، اعجاز مسیح، محمد سبطین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات شامل ہیں۔ ان منحرف ارکان نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کیلئے ووٹ دیا تھا۔

Shares: