لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات

0
37

لاہور: صوبہ پنجاب کے شہروں گجرات اور اوکاڑہ میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے پیش نظر قبرستانوں کی سیکیورٹی اور انتظام بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے چوکیدار رکھے جائیں گے، قبرستانوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

اجلاس میں واقعات میں ملوث مجرموں کو فوری گرفتار کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ مجرموں کے فنگر پرنٹس کا ڈیٹامرتب کیا جائے۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عدم توجہ کے باعث قبرستان جرائم کی آماجگاہ بن رہے ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل گجرات کے ایک گاؤں کے قبرستان میں خاتون کی لاش کو قبر سے نکال کر برہنہ حالت میں پھینک دیا گیا تھا۔

گاؤں چک کمالہ کا رہائشی محمد نذیر اپنی اٹھارہ برس کی ذہنی معذور بیٹی کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے پہنچا جہاں اس نے قبر کھلی ہوئی اور میت غائب دیکھی، تلاش پر قریبی جھاڑیوں سے لاش بغیر کفن کے برآمد ہوئی۔

پولیس نے لاش کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پنجاب فرانزک لیب بھجوا دی، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، لاش سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاش کی بے حرمتی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی تھی۔

Leave a reply