کنگسٹن (اے پی پی) دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھارت نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے.
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شروع ہونے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے، ویرات کوہلی اور میانک اگروال نے نصف سنچریاں بنائیں، ہنومان وہاڑی 42 اور رشابھ پنٹ 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیسن ہولڈر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کنگسٹن میں شروع ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کو پہلا نقصان 32 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب راہول 13 رنز بنانے کے بعد جیسن ہولڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، چیتشوار پجارا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بنانے کے بعد کورنوال کا شکار بن گئے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور میانک اگروال نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور 115 تک پہنچا دیا، اگروال 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اجنکیا راہانے مجموعی سکور میں 24 رنز کا اضافہ کر سکے، ویرات کوہلی بھارت کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 76 رنز بناکر جیسن ہولڈر کی گیند پر ہیملٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد ہنومان وہاڑی اور رشابھ پنٹ نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 264 تک پہنچا دیا، وہاڑی 42 اور رشابھ پنٹ 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے تین جبکہ کیمار روچ اور کورنوال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔