فیصل آباد کی انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔مسٹر آندریس سفیر اٹلی
فیصل آباد(عثمان صادق) فیصل آباد کی معیاری ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی برانڈنگ اور فیشن انڈسٹری کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اٹلی کی مشینوں کے علاوہ ان کے ماہرین کی خدمات سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات اٹلی کے سفیر مسٹر آندریس فریریز نے فیصل آباد چیمبر کے صدر عاطف منیر شیخ سے ایک ملاقات کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کےعمل میں وقتی تعطل آیا تاہم اب وہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے بنیادی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس سے قبل عاطف منیر شیخ نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملکوں کے نجی شعبہ کے درمیان براہ راست رابطوں پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے متعدد ٹیکسٹائل اداروں میں اس وقت بھی اٹلی کی مشینیں استعمال ہورہی ہیں جبکہ اٹلی نے فیصل آبا کی نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں جدید ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی سنٹر بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی کے ماہرین فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو عالمی منڈیوں میں اپنے برانڈ متعارف کرانے میں بھی مدد دے سکتے ہیں جبکہ فیشن ڈیزائنگ کے شعبہ میں بھی ووطرفہ تعاون سے پاکستان بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اٹلی کے سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی تاکہ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ فیصل آباد کی ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ اور علامہ اقبال اسپیشل اکنامک زون میں اٹلی کی طرف سے ٹیکسٹائل کی مشینری مقامی طور پر تیار کرنے پر بھی بات چیت کی جاسکے۔