جب تک درست فیصلے نہیں کریں گے مقدمات التوا میں رہیں گے، اعظم نذیر تارڑ

0
28

سینیٹ میں قائد ایوان و وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جج صاحبان کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے، فوجداری اور دیوانی نظام انصاف کو بہتر بنانے کی بہت گنجائش ہے ۔

ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد اور سینیٹر اعجاز چوہدری کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نظام انصاف میں خامیوں سے پورے معاشرے میں خرابیاں پیدا ہوتی ہیں، اٹھارویں اور انیسویں ترمیم میں بدقسمتی سے وہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکے جو حاصل ہونے چاہیے تھے، پوری پارلیمان کو یہ سوچنا چاہیے کہ جب تک آئین میں ترمیم اور قانون سازی نہیں کریں گے اس وقت تک شکایات رہیں گی۔

عدلیہ میں شفاف طریقے سے میرٹ پر تقرریاں نظام انصاف میں بہتری کے لئے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ عدلیہ کو ایک حد تک تجویز دی جا سکتی ہے، مقدمات زیر التوا ضرور ہیں، فوجداری اور دیوانی نظام انصاف کو بہتر بنانے کی بہت گنجائش ہے جب تک سول ججز اور مجسٹریٹس درست فیصلے نہیں کریں گے مقدمات میں التوا آتا رہے گا، ارکان پارلیمنٹ کو قانونی اصلاحات میں تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جج صاحبان کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے، اب یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ججز کی تقرری جس حد تک بھی ممکن ہو، شفاف طریقے سے اتفاق رائے سے ہونی چاہیے، اس سلسلے میں حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جھتے بندی کا الزام صرف وکلا کو نہیں دیا جا سکتا، ملک میں ایک لاکھ 73 ہزار وکلا ہیں، ہزار دو ہزار افراد کی وجہ سے پوری وکلا برادری کو الزام نہیں دیا جا سکتا، ہم نے قانون کی تعلیم کا ڈائریکٹوریٹ قائم کیا ہے جو اس سے پہلے نہیں تھا۔

Leave a reply