جیل بھرو تحریک: آج پنڈی کے کمیٹی چوک پرگرفتاریاں دیں گے:شیخ رشید

0
65
شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں آج پنڈی کے کمیٹی چوک پرگرفتاریاں دیں گے جن میں 6 ایم این ایز اور 14 ایم پی اے خود پہلے گرفتاریاں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عامر کیانی سب سے پہلے گرفتاری دیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اگلے 72 گھنٹے اہم ہیں، کسی کا باپ بھی اب الیکشن نہیں روک سکتا۔

ادھر کل پاکستان تحریک انصاف وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 30 روز کیلئے نظر بند کردیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک کے آغاز کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں نے کارکنوں کے ہمراہ لاہور میں گرفتاری دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 30 دن کیلئے نظر بند کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور کی سفارش پر محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

دوسری طرف تحریک انصاف خیبرپختوںخوا نے جیل بھروتحریک بغیر کسی گرفتاری کے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں سینٹرل جیل کے باہر موجود پارٹی قیادت بھی تصویریں بنوانے کے بعد گرفتاری دیے بغیر روانہ ہوگئی۔پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی کے گھروں کے باہر اعلانات کیے گئے۔ پشاور، سوات، مردان سمیت دیگر شہروں میں بھی پولیس رہنماؤں کوگرفتاری کےلیے بلاتی رہی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جو گرفتاری دینا چاہتا ہے آجائے قانونی کارروائی مکمل کریں گے مگر پشاور سے کسی پی ٹی آئی رہنما نے گرفتاری نہیں دی۔

خیال رہے کہ لاہور کے بعد آج پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کے لیے سینٹرل جیل کے باہر جمع ہوئی تھی۔رہنما تحریک انصاف پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان نےکہاہے ابھی واپس آجاؤ۔ کل پنجاب میں پھر گرفتاریاں دی جائیں گی، اس کے بعد پھر پشاور میں نکلیں گے۔

Leave a reply