75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،وزیراعظم نے پرچم کشائی کی

0
50

ملک بھر میں آج 75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

جشن آزادی پر مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔تقریب میں کموڈور پاکستان نیول اکیڈمی محمد خالد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس کے دوران پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف مہمانِ خصوصی ہیں، جنہوں نے قومی پرچم بلند کیا.قریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، قوم اور سمندر پار پاکستانیوں کو 75 واں یومِ آزادی مبارک ہو۔ان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی ضرورتوں، بھوک، افلاس اور پسماندگی سے آزادی کا نام ہے، حالیہ بارشوں میں ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں بہت نقصانات ہوئے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ شرپسند قوتوں کو ملی وحدت و باہمی اتفاق سے کچل دیں گے، کسی بھی قوم کے لیے اندرونی خلفشار، تقسیم اور انتشار سے بڑھ کر کوئی چیز خطرناک نہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم آزادی پراپنے پیغام میں قوم کومبارکباد دی اور کہا کہ
الحمداللہ آج پاکستان کو آزاد ہوئے 75 برس ہو گئے. یہ مملکت خداداد پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام اورتحفہ ہے. قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت کی بدولت علامہ اقبال کے اس خواب اور مسلمانان ہند کی خواہش کی تکمیل ممکن ہوئی. یاد رکھیے کہ اس حقیقت کو پانے کے لیے خون کے دریاوں اور لاشوں کے انبار سے گزرنا پڑا تھا. اب یہ عہد کریں کہ ہمیں ایک عظیم تر قوم بننا ہے. اللہ تعالٰی نے ہمیں بہت سے خوبیوں سے نوازا ہے.جس میں جذبہ ایثار، حب الوطنی اور سرفروشی سر فہرست ہے.

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر قوم کودلی مبارکباد دی،چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔تحریک پاکستان کے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ دن دھرتی کے ان تمام بہادربیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کاموقع ہے،جنہوں نے مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع اورحفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کیں۔ آزاد وطن کا حصول قائداعظمؒ کی شب و روز محنت اور علامہ اقبالؒ کے خواب کی تکمیل ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یوم آزادی پربھارتی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگا۔آج ہم اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ثابت قدم رہیں گے اورقائداعظم ؒکے بتائے ہوئے ”اتحاد،ایمان اورنظم و ضبط کی مشعل کو تھامے ہوئے ہر چیلنج کو قبول کریں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو بانیان پاکستان کے نظریے کے مطابق تعمیر نو کی ہماری کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ یوم آزادی کا پیغام ہے کہ ذاتی اختلافات ختم کرکے سب وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہوں۔ آئیے! مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کریں۔

وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے75ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن ، محبت اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے قوم کو 75ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم سب کو ملک کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔ پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کیا ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75سال کے دوران ملک نے کئی اتار چڑھائو دیکھے اور مختلف مراحل سے گزرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی بجائے اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہئے اور پاکستان کو ایک جدید اور خوشحال ملک بنانے کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے قوم کو 75ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کی دعا کی ہے۔

سعودی عرب سے موصولہ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کا بیج بونے والے اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے.

وزارت خارجہ کے افسران نے پاکستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر وطن عزیز کو شاندار موسیقی کا خراج تحسین پیش کیا ۔ افسران نے کلیم عثمانی کے لکھے ہوئے اور مہدی حسن کے گائے ہوئے مشہور ملی نغمہ ”یہ وطن تمہارا ہے ”کو دوبارہ ریکارڈ کیا۔

اس مشہور ملی نغمے کا انتخاب اس کے طاقتور پیغام کے لیے کیا گیا تھا جو تمام پاکستانیوں کو اس وطن کے اثاثے کی حفاظت کی یاد دلاتا ہے جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے آبا اجداد کی جدوجہد آزادی کی بدولت معرض وجود میں آیا اور اس میں شہدا کا خون بھی شامل ہے ۔

اس میں پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک طاقتور پیغام ہے کہ وہ اپنی شناخت کی قدر کریں اور یاد رکھیں کہ یہ ان کی محنت اور عزم اس ملک کو آگے لے جائے گا۔ اس گیت کی روح کے مطابق جس میں لوگوں کو اس موقع پر اٹھنے اور اپنے وطن کے محافظ کے طور پر اپنے فرض کو پہچاننے کی دعوت دی گئی ہے

اس سے قبل رات گئے مختلف شہروں میں آتش بازی، ملی نغموں اور سبز ہلالی پرچموں کے ساتھ یوم آزادی کی شروعات ہوئی۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں یوم آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پر رنگ ونور کی برسات ہوئی۔نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔

Leave a reply