جتوئی صاحب : یہ بیہودہ الزام ہرگزبرداشت نہیں‌، ثبوت دیں‌ :شہبازگل

0
26

کراچی: جتوئی صاحب : یہ بیہودہ الزام ہرگزبرداشت نہیں‌، ثبوت دیں‌ :شہبازگل ،اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام اس وقت لگایا جب وزیراعظم دوروزہ غیرملکی دورے پرہیں

تفصیلات کے مطابق آج لیاقت علی جتوئی نے ایک ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی جدوجہد میں لگی ہوئی ہے، جس کے تحت سینیٹ میں امیدواروں کی خرید و فروخت کو روکنے کے لیے اوپن بیلٹ انتخاب کا طریقہ کار لایا جا رہا ہے۔

لیاقت جتوئی نے کہا گورنر ہاؤس کے ڈرائنگ روم کے فیصلے پارٹی کے لیے نقصان دہ ہیں، پیراٹروپر سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ میں سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا، کراچی میں بیٹھے چند افراد فیصلہ کرتے ہیں، جو نقصان دہ ہے۔

لیاقت جتوئی کا کہنا تھا عمران خان نے نوٹس نہیں لیا تو آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے، سندھ میں ہمارے ہم خیال دوستوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس الزام پر معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ردِ عمل میں کہا کہ لیاقت جتوئی نے آج سینیٹ ٹکٹوں سے متعلق بے ہودہ الزام لگایا، اب لیاقت جتوئی اپنے دعوے کا ثبوت دیں، ثبوت نہ دے سکے تو پارٹی سخت ایکشن لے گی۔

شہباز گل نے کہا سیف اللہ ابڑو لیاقت جتوئی پر ہتک عزت کا کیس کریں گے، جتوئی صاحب خود نیب زدہ ہیں اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ایک ویڈیو بیان میں انھوں نے کہا مراد علی شاہ کو جانتا ہوں، مجھے نہیں لگتا وہ کسی کو مروائیں گے، حلیم عادل سولو فلائٹ کر رہے تھے، جلدی اڑ رہے تھے، جو سولو فلائٹ کرتا ہے جلدی نیچے آ جاتا ہے۔

سینیٹ ٹکٹوں کے معاملے پر چند دن قبل لیاقت جتوئی کے پارٹی چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جن کی انھوں نے تردید کی، انھوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ پارٹی میں اجارہ داری قائم کر کے بلیک میلنگ کر رہے ہیں

Leave a reply