پاکستان کی سُپر ماڈل ایان علی کا کہنا ہے کہ جعلسازی کے ذریعہ کراچی میں ان کے فلیٹ پر قبضہ کیا جارہا ہے-
باغی ٹی وی: منی لانڈرنگ کیس میں ملوث پاکستانی سُپر ماڈل ایان علی نجی ٹی وی چینل سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلسازی کے ذریعہ کراچی میں ان کے فلیٹ پر قبضہ کیا جارہا ہے فلیٹ کی فروخت کا معاہدہ تیار کیا گیا جس پر ان کے جعلی دستخط ہیں جبکہ جعلی معاہدے پر میرا قومی شناختی کارڈ بھی غلط لکھا ہوا ہے۔
ماڈل ایان علی نے کہا کہ ادائیگی کا چیک تیار کیا گیا جسے یو اے ای پولیس نے جعلی قرار دیا۔
ایان علی نے کہا کہ پاکستان میں عدم موجودگی پر میرے فلیٹ پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے میں نے فلیٹ کسی کو فروخت نہیں کیا اور نہ ہی مجھے کوئی ادائیگی ہوئی ہے۔
ماڈل ایان علی نے کہا کہ جعلساز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ ماڈل ایان علی 2015 میں اسلام آباد ائیرپورٹ سے دبئی پانچ لاکھ ڈالرز غیر قانونی طورپر لے جاتے ہوئے پکڑی گئیں تھیں، جس کے بعد انہیں تین ماہ جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی، کیس کی سماعت کسٹم عدالت میں ہوئی اور عبوری چالان میں ملزمہ کو قصور وار قرار دیا گیا اور نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا۔
بعد ازاں ایان علی نے لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور بیرونِ ملک جانے کی اجازت بھی دی تھی، عدالتی اجازت کے بعد بیرون ملک روانہ ہوگئیں تھیں۔