کراچی کو بڑے ایونٹ کی میزبانی مل گئی

0
39

اسلام آباد (اے پی پی) 10 ویں کلیگن جونیئر گرلز تھروبال چیمپئن شپ 17 ستمبر سے شروع ہوگی.

پاکستان تھروبال فیڈریشن کے زیراہتمام اور سندھ تھروبال ایسوسی ایشن کے تعاون سے 10ویں کلیگن جونیئر گرلز تھروبال چیمپئن شپ 17 ستمبر سے سٹی سکول (پی اے ایف چپٹر)کراچی میں شروع ہوگی۔ پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکرٹری مقبول آرائیں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ہیں۔ چیمپئن شپ میں سکول، کالجز اور یونیورسٹی کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والی ٹیموں کے عہدیدار اپنی اپنی ٹیموں کے ناموں کا اندراج 5 ستمبر سے قبل پاکستان تھروبال فیڈریشن آفس میں کرواسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں 45 سو روپے انٹری فیس جبکہ 5 ہزار روپے پروٹیسٹ فیس مقرر کی گئی ہے۔ پروٹیسٹ کرنے والی ٹیم میچ کے ختم ہونے کے ایک گھنٹہ کے اندر پروٹیسٹ فیس کے ہمراہ اپنے اعتراض کے ساتھ درخواست جمع کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم 12 کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل ہوگی اور میچ کے وقت کھلاڑیوں کو سکول کارڈ اور ‘ ب’ فارم اپنے ہمراہ لانا ضروری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچز 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس کے اختتام پر چیمپئن شپ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں میں نقد انعامات، ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ مقبول آرائیں نے کہا کہ چیمپئن شپ پہلی اور دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو انٹرنیشنل ایونٹس اور ایشین تھروبال چیمپئن شپ میں شرکت کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

Leave a reply