کراچی؛ پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم بیرون ملک فرارہو گیاہے.

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کرکے شاہین فورس کے اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم خرم نثار بیرون ملک فرار ہوگیا۔ ڈیفنس فیز فائیو میں 21 نومبر کی رات کو خرم نثار نامی شہری نے شاہین فورس کے اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی تھی اور ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کیلئے ایف آئی اے حکام کو خط بھی لکھ دیا تھا لیکن ملزم پولیس کو چکمہ دے کر منگل کی صبح چار بجے ایئرپورٹ پر بورڈنگ کرانے میں کامیاب ہوگیا اورساڑھے 6 بجے ٹرکش ایئرلائن کی فلائٹ سے بذریعہ استنبول سوئیڈن فرار ہوگیا۔

پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا پاسپورٹ بلاک کرنے کی بھی سفارش کردی ہے. خیال رہے کہ پیر کی رات 11 بج کر 40 منٹ پرموٹر سائیکل سوار دو اہلکاروں نے خرم نثار کی گاڑی کا تعاقب کیا تھا۔ پولیس کے دعوے کے مطابق گاڑی میں سے لڑکی کے چیخنے کی آوازیں آرہی تھیں جو کچھ فاصلے پر جاکر کار سے اترگئی۔ پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو روکا اور عبدالرحمان نامی اہلکار خرم نثار کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گیا تھا جس کے بعد دونوں میں تکرار ہوئی۔ دونوں نے گاڑی سے اترکر اسلحہ تانا اور خرم نے گولی چلادی۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
آرمی چیف تقرری؛ وزیر دفاع نے وزیراعظم ہاؤس کو سمری موصول ہونے کی تصدیق کردی
خبردار۔!ایوان اقتدارمیں تھرتھلی۔24گھنٹےاہم:اعظم سواتی،بیگم تہجدگزار،بیٹا شراب کا سوداگر۔ثبوت حاضر ہیں۔
جی ایچ کیو نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی تعیناتی کی سمری بھجوا دی، آئی ایس پی آر
گولی لگنے سے شاہین فورس کا اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا جس کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی۔ اہلکار کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشتگردی، قتل، پولیس مقابلے کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزم کی گاڑی قبضے میں لے لی ہے جبکہ چوکیدار اور دو رشتے داروں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ ملزم خرم نثار حال ہی میں سوئیڈن سے تعلیم حاصل کر کے وطن واپس لوٹا تھا۔

Shares: