وزیر اعظم عمران خان کی کوششیں‌رنگ لانے لگیں‌، مسئلہ کشمیر امریکی ایوانوں میں پہنچ گیا

0
41

واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان کی کوششیں‌رنگ لانا شروع ہوگئیں پاکستان کی زبردست سفارتکاری کی وجہ سے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی میں مسئلہ کشمیر اٹھانے کی راہ ہموار ہو گئی۔امریکی ایوان نمائندگان کی ایشیا ذیلی کمیٹی، جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کی صورت حال پر جلد سماعت کرے گی جس میں مسئلہ کشمیر میں جاری انسانی بحران پر توجہ مرکوز ہو گی۔

ذرائع کے مطابق مسئلہ کشمیر کی سنگینی کے پیش نظر ایوان نمائندگان کی ایشیا ذیلی کمیٹی کے ڈیموکریٹ چیئرمین بریڈ شرمین نے کمیٹی کا خود اجلاس بلایا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی بحران پر بات ہو سکے۔مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر کمیٹی میں سماعت کے بارے میں ڈیموکریٹ کانگریس مین کا کہنا ہے کہ بھارت نے کئی سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا ہے اور حد یہ کہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون تک بند کر کے روزمرہ زندگی کو جام کر دیا ہے۔

نیویارک سے ذرائع کے مطابق ڈیموکریٹ کانگریس مین نے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست سے جاری کرفیو کے سبب لوگوں کو غذا اور دوائیں تک میسر نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کمیٹی کے چیئرمین نے انسانی حقوق کی بھیانک صورتحال کا جائزہ لینے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔بریڈ شر مین نے ساتھی رکن کانگریس آندرے کارسن کے ساتھ مل کر وادی سے تعلق رکھنے والے امریکیوں سے ملاقات کی تھی۔ جس میں کشمیریوں نے انہیں مقبوضہ وادی میں اپنے عزیزوں کے حوالے سے درپیش خطرات سے آگاہ کیا تھا۔

Leave a reply