لاہور:لاہور پریس کلب میں 13 مئی یوم آزادی صحافت کے حوالے سے سیمینار کا انقعاد ہوا جس میں مارشل لاء کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والے مہمانان خصوصی صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
لاہور پریس کلب میں 13 مئی یوم آزادی صحافت کے حوالے سے سیمینار کا انقعاد کیا گیا جس میں صدر پریس کلب اعظم چوہدری، سیکرٹری پریس کلب عبدالمجید و سابق صدر شہباز میاں ،، قمر زمان بھٹی نے شرکت کی جب کہ مہمانان خصوصی میں مارشل لاء کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں حسین نقی، خاور نعیم ہاشمی اور مسعود اللہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سینیر صحافی حسین نقی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت نازک حالات سے گزر رہا ہے ، تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل کرنا ہوگا ورنہ ملک خون خرابے کی طرف جائے گا۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی آواز بلند کریں تاکہ جمہوریت کو مظبوط کیا جا سکے ، سیاستدان اپنی ذاتی مخالفت میں غیر سیاسی قوتوں کو دعوت دے رہے ہیں۔
صدر پریس کلب اعظم چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافت عظیم شعبہ ہے جس نے ملکی سلامتی و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا اور جمہوریت کی راہ ہموار کرنے کے لیے ظلم و جبر سہا قیدیں کاٹیں اور جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
انہوں نے موجودہ حالات میں صحافیوں کی حالت زار کی زمہ داری میڈیا مالکان کی یونینز پر ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مفادات کے لیے صحافیوں کو استعمال کرتے ہیں اور پھر ان کا استحصال کرتے ہیں۔
حکومت وقت کو تنبیہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ہراساں کرنا بند کہا جائے کسی طور آذادی صحافت کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے حکومت کے جانب سے صحافیوں کو دبانے کے لیے استعمال کیے جانیوالے ہتکنڈوں کی بھی شدید مذمت کی۔