لاہور انتظامیہ کا نان روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار

0
63

لاہور انتظامیہ کا نان روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار

ضلعی انتظامیہ نے نان روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کے لیے درخواست دی تھی، تندور مالکان نان کی قیمت 35 روپے اور روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنا چاہتے تھے۔ تندور مالکان کا کہنا ہے کہ آٹے کا 15 کلو والا تھیلا 1900 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ فائن آٹے کی بوری کا ریٹ 10 ہزار 800 روپے ہو گیا ہے۔

تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹا مہنگا ہونے سے نان اور روٹی موجودہ قیمت پر فروخت نہیں کر سکتے لہذا قیمت بڑھانے کی اجازت دی جائے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور کی انتظامیہ نے تندور مالکان کو نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمت میں اضافے کی اجازت نہ دینے پر نان بائی ایسوسی ایشن نے اجلاس بلا لیا ہے. ذرائع کا کہنا ہے نان بائی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں نان اور روٹی کی قیمت بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب راولپنڈی میں روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھا دی گئیں ہیں

شہر میں آٹا اور میدہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔ پتیری سرخ روٹی 15 روپے، خمیری سفید روٹی 25 روپے، نان 30روپے، پراٹھہ اور روغنی نان کی قیمت بڑھا کر 50روپے کر دی گئی جبکہ چائے کا فی کپ قیمت بھی 50روپے مقرر کی گئی۔ صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی کے مطابق سرخ آٹا بوری 10ہزار روپے اور میدہ فائن آٹا بوری 11ہزار روپے کی ہوگئی۔

شفیق قریشی کا کہنا ہے کہ مہنگا آٹا اور میدہ خرید کر سستی روٹی اور نان نہیں دے سکتے، روٹی اور نان قیمتوں میں اضافہ آج جمعہ سے لاگو ہوگیا۔ جبکہ خیال رہے کہ رواں ہفتے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 406 روپے89 پیسے مہنگا ہوا اور 20 کلو آٹے کی زیادہ سے زیادہ قیمت2400 روپے تک پہنچ گئی۔

Leave a reply