عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قائم مقام ایم ڈی ڈیوڈ لپٹن کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مالی امداد کا مقصد وہاں کی معیشت کو مستحکم کرنا اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی ڈیوڈ لپٹن نے واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کی۔ڈیوڈ لپٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات کر کے خوشی ہوئی، ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پاکستان کے ریفارم پروگرام پر بات ہوئی کیونکہ آئی ایم ایف ریفارم پروگرام میں پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔

ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ ریفارم پروگرام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنا اور اداروں کو مضبوط بنانا ہے، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو پائیدار اور متوازن ترقی دےگا۔

قائم مقام ایم ڈی نے کہا کہ آئی ایم ایف دیگر عالمی شراکت داروں سے مل کر حکومت پاکستان کےساتھ کام کر رہا ہے جس کا مقصد اقتصادی اصلاحات کے پروگرام پر عمل درآمد سمیت معاشی استحکام اور اداروں کی مضبوطی ہے۔

آئی ایم ایف کے قائم مقام ایم ڈی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں حالیہ معاشی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف نے حال ہی میں 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پاکستان کو اگلے تین سال کیلئے اقتصادی اصلاحات کرنا ہوگی۔

Shares: