مقبوضہ کشمیر کے عوام سےحق خود ارادیت کے لئے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز دشت کے افسران اور عملے کے ممبران نے 05 فروری کو پوری قوم میں شمولیت اختیار کرکے کشمیریوں کی جرات مندانہ جدوجہد کا اعتراف کیا جو بھارتی افواج کے سفاکانہ مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔
جہاز کے مرکزی مستول پر پاکستان اور آزادکشمیر کے بڑے جھنڈے لہرائے گئے علاوہ ازیں بینر اور پینا فلیکس آویزاں کیے گئے جو غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہیں۔ صاف ستھری وردی میں ملبوس عملے کےچاق و چوبند ممبران نےہاتھوں میں تھامے ہوئے کشمیری پرچم لہرا کر اس مقصد کی حمایت اور مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کمانڈنگ آفیسر PMSS DASHT لیفٹیننٹ کمانڈر فرخ احمد نے جہاز کے عملے سے خطاب کیا۔
بعد ازاں کمانڈنگ آفیسر نے صحافیوں کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے کشمیری بھائی اور بہن بہادرانہ جدوجہد میں مصروف ہیں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے لئے زبردست قربانیاں دیتے رہے ہیں۔یہ واضح طور پر پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور مجموعی طور پر پاکستانی قوم کی اصولی اور مشترکہ امنگوں کی علامت ہے۔ جہاز کے کپتان نے وضاحت کی کہ غیر ملکی وفودکی جہاز پر آ مد اور PMSS DASHT کے بیرون ممالک مختلف دوروں کے دوران ، اس مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں میں سے ایک جہاز کا نام کشمیر ہے۔
.کمانڈنگ آفیسر نے یہ بھی بتایا کہ بحیرہ عرب کے ساتھ پاکستان کی 1000 کلو میٹر سے زیادہ طویل ساحلی پٹی ہے ، اس کے علاوہ ہماری سمندری حدود 350 سمندری میل تک پھیلی ہوئی ہیں۔ہمارا میری ٹائم زون 290,000 مربع کلومیٹر کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی پاکستان کے قوانین کے تحت اور اقوام متحدہ کے 1982 کے سمندر کے قانون (UNCLOS 82) کے کنونشن کے تحت پاکستان کے سمندری خطوں میں پاکستان کی پالیسیاں اور کنونشن نافذ کرتی ہے۔ ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، میری ٹائم زون میں پاکستانی سمندری مفادات کے تحفظ کے علاوہ ، قابض سے آزادی حاصل کرنے کی کوششوں میں کشمیر اور اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت کرتا رہے گا۔