لاہور:میشا شفیع کی 4 سال بعد کوک اسٹوڈیو میں شانداراوربھرپور واپسی:آتے ہی عشق ومحبت کاقصّہ”عشق آپ بھی اولّا”چھیڑدیا ،اطلاعات کے مطابق پاکستان کے مشہور میوزک شو ‘کوک اسٹوڈیو’ کا 13 واں سیزن جلد شروع ہونے والا ہے جس میں 4 سال کے وقفے بعد گلوکارہ میشا شفیع بھی واپس آرہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل کوکا کولا کی جانب سے ایک اشتہار جاری کیا گیا تھا جس کے آخر میں کوک اسٹوڈیو کا 13واں سیزن جلد شروع ہونے کی نوید سنائی گئی تھی۔اشتہار دیکھنے کے بعد سے کوک اسٹوڈیو کے مداح نئے سیزن کے لیے کافی پرجوش ہیں۔
یاد رہے کہ معروف گلوکارہ میشا شفیع ماضی میں کوک اسٹوڈیو کے 4 سیزنز کا حصہ رہ چکی ہیں اور آنے والے سیزن 13 میں وہ پانچویں بار کوک اسٹوڈیو کے پلیٹ فارم سے پرفارم کریں گی۔میشا شفیع نے سب سے پہلے 2010 میں جاری ہونے والت کوک اسٹوڈیو کے سیزن 3 میں 2 گانے گائے تھے۔انہوں نے سیزن 3 میں ’چوری چوری’ اور ’الف اللہ’ پر پرفارم کیا تھا، چوری چوری گانا پہلی مرتبہ گلوکارہ ریشما نے گایا تھا۔
میشا شفیع نے اسی سیزن میں الف اللہ پر معروف گلوکار عارف لوہار کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔بعدازاں میشا شفیع 2012 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 5 کا حصہ بنی تھیں اور اس سیزن میں بھی انہوں نے 2 گانوں پر پرفارم کیا تھا۔
گلوکارہ میشا شفیع نے سیزن 5 میں پہلی مرتبہ اقبال بانو کی جانب سے گایا جانے والا ‘دشت تنہائی’ اور ’عشق آپ بھی اعلیٰ’ پر چکوال گروپ کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔میشا شفیع 2014 میں سیزن 7 کا بھی حصہ تھیں اور انہوں نے نور جہاں کے گانے ’سن وے بلوری‘ پر پرفارم کیا تھا۔بعدازاں انہوں نے 2016 میں کوک اسٹوڈیو کے نویں سیزن میں ’اے راہ حق کے شہیدوں‘ ، ’بھولے بھالے’ اور ’آیا لاڑیے‘ پر پرفارم کیا تھا۔
حال ہی میں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 13 میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔میشا شفیع نے 2 علیحدہ ٹوئٹس میں مداحوں کو سیزن 13 کے جلد آغاز اور پھر اپنی واپسی سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ کوک اسٹوڈیو 2020 میں واپس آرہی ہیں۔
یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ میشا شفیع کی جانب سے 2018 میں علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے کے بعد یہ ان کا پہلا بڑا پروجیکٹ ہے۔میشا شفیع نے اپریل 2018 میں اداکار و گلوکار علی ظفر پر اپنی ٹوئٹس میں جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے، جنہیں علی ظفر نے جھوٹا قرار دیا تھا۔
بعد ازاں میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراسانی کی درخواست محتسب اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کو بھی دی تھی اور گلوکارہ کی دونوں درخواستوں کو مسترد کردیا گیا تھا۔
مذکورہ درخواستیں مسترد کیے جانے کے بعد علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں ایک ارب ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس پر تقریبا گزشتہ 2 سال سے درجنوں سماعتیں ہوچکی ہیں جس کے جواب میں گلوکارہ نے بھی علی ظفر کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
دوسری جانب ستمبر کے آخر میں علی ظفر کی شکایت پر ایف آئی اے نے میشا شفیع اور اداکارہ عفت عمر سمیت 9 شخصیات کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا جن میں 5 ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق بھی ہوچکی ہے۔علاوہ ازیں گزشتہ روز لاہور کی سیشن کورٹ نے میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر کے دائر کردہ ہتک عزت کے دعوے پر کارروائی روکنے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔