اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ،محکمہ موسمیات

لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا،
0
106

اسلام آباد: ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

باغی ٹی وی : لاہور شہر کے مختلف علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی و گردونواح میں بوندا باندی ہوئی، فیروز پور روڈ، کینال اور جیل روڈ کے مختلف مقامات پر بھی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، شیخوپورہ گرد و نواح میں وقفہ وقفہ سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم گندم کی تیار فصل کو نقصان کا خدشہ ہے-

ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح سے بوندا باندی کا آغاز ہوگیا ماڑی پور، گلستان جوہر، ائیرپورٹ اور ملیر سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں آج غیر معمولی بارش کا امکان نہیں ہے، مغربی سسٹم کے زیراثر آج ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے، شہر میں آج ہلکی بارش کے ساتھ آندھی چلنے کا بھی امکان ہے-

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق بارش 15اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہے گی، بارش کے بعد درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا دوسرا سلسلہ 17اپریل کو داخل ہوگا، دوسرے سسٹم میں ہوائیں بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے کراچی میں داخل ہوں گی، دوسرے اسپیل کے زیر اثر کراچی میں تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد و گردونواح میں تیزہوائیں اورگرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے،خیبرپختونخوا میں گرج چمک کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہواؤں کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے،کراچی میں مطلع ابرآلود اور درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شہر میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہوچکا ہے اور موسم خشک ہے۔

بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے برسات کی پیشگوئی کی گئی ہے بارش کے باعث مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے کشمیر، گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے،18 اور 19 اپریل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے-

دوسری جانب دیر بالا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 2 بچے جاں بحق، 3 افراد زخمی ہوگئے گزشتہ روز پنجاب اور بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 24 افراد جاں بحق ہوئے دیربالا میں بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی بارش سے واڑی کے علاقہ بڈالی میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا ملبےتلے دب کر 2 بچے جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے، گزشتہ روز پنجاب اور بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کے دوران کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے۔

Leave a reply