اسلام آباد: نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے وزیراعظم آج سابق صدر آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کے پاس خود جائیں گے۔

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنے اتحادی رہنماؤں کو وزیر اعظم ہاؤس بلانے کی بجائے ان کے پاس خود جانے کا فیصلہ کیا ہے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کا اعلان جلد ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی اور باپ پارٹی اس وقت حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں اور تمام پارٹیوں میں اہم وزارتوں کی تقسیم کا امکان ہے وزیراعظم اتحادی رہنماؤں کے پاس جا کر ان کا شکریہ ادا کریں گے اور انہیں وزیر اعظم ہاؤس آنے کی دعوت بھی دیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ کون بنے گا؟ اس کے لئے ن لیگ کی جانب سے 4 ناموں پر غور کیا جا رہا ہے پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی وزیر خزانہ کے چناؤ پر غور جاری ہے وزیر خزانہ کے انتخاب تک عہدہ وزیر اعظم کے پاس ہی رہے گا-

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پبلک فنانس ٹیم کا اعلان رواں ہفتے کیا جائے گا،پی ٹی آئی دور حکومت کا کوئی سرکاری ماہر ٹیم میں نہیں لیا جائے گا ٹیم کے شرکا میں سابق فنانس بیوروکریٹس کی شمولیت کا امکان ہے ،مخلوط حکومت فنانس پالیسی اور ترقیاتی پروگراموں کی تشہیر کے لیے میڈیا ٹیم بھی تشکیل دے گی-

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد ایوان نےاپوزیشن جماعتوں کے امیدوار شہبازشریف کوملک کا وزیراعظم منتخب کیا تھا شہباز شریف174 ووٹوں کے ساتھ وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی نے شاہ محمود قریشی کووزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا تھا تاہم پی ٹی آئی ارکان نے بعد میں انتخاب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اجتماعی استعفے دے دئیے تھے۔

شہباز شریف اور ان کی حکومت کے سامنے کئی چیلنجز ہیں،بلاول بھٹو زرداری

Shares: