این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارشوں کے جاری سلسلے کے فصلوں اور مویشیوں پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دیں۔ محکمہ موسمیات پاکستان نے 5 مئی تک ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارشوں کے علاوہ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پیشنگوئی کی مدت کے دوران متاثرہ علاقوں میں تیز ہواؤں ، ژالہ باری اور بارش کے باعث کھڑی اور حال ہی میں کاٹی کی گئی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔
علاوہ ازیں ممکنہ شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے نئی بوائی کا بھی منفی طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح پھلوں کے باغات کو بھی تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے نقصان ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال میں پیشن گوئی کی مدت کے دوران کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مزید برآں کھلے چرنے والے مال مویشیوں خصوصاً بھیڑ بکریوں کے لیے بھی خراب موسمی صورتحال سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور محکموں کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ موافق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ نقصان سے بچنے کے لئے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ان کی رہنمائی و آگاہی کے لئے مقامی و علاقائی زبانوں میں معلومات عام کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہواؤں کا اثر مئی کے پہلے ہفتے تک برقرار رہ سکتا ہے جس کے باعث 29 اپریل تک کشمیر پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح 03 مئی کے دوران بلوچستان ، سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، عمرکوٹ، تھرپارکر، اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
30 اپریل سے05 مئی کے دوران کشمیر پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، بونیر، کوہستان، شانگلہ ہری پور، ایبٹ آباد، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں بالخصوس گندم اور کمزور انفرسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔کسان حضرات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔ موسلا دھار بارشوں سے مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال ، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 04 مئی اور بلوچستان کے کچھ حصوں اور ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں 28 اپریل سے 02 مئی تک مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔اس دوران بالائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
انٹربینک میں ڈالر سستا ہوگیا
ووٹ کا حق سب سے بڑا بنیادی حق ہے،اگر یہ حق نہیں دیاجاتا تو اس کامطلب آپ آئین کو نہیں مانتے ,عمران خان
سعیدہ امتیاز کے دوست اورقانونی مشیرنے اداکارہ کی موت کی تردید کردی
جانوروں پر ریسرچ کرنیوالے بھارتی ادارے نےگائے کے پیشاب کو انسانی صحت کیلئے مضر قراردیا
یورپی خلائی یونین کا نیا مشن مشتری اور اس کے تین بڑے چاندوں پر تحقیق کرے گا
برطانوی وزیرداخلہ کا پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا مجرم کہنا حقیقت کے خلاف ہے،برٹش جج
جماعت اسلامی سےمذاکرات،عمران خان کی ہدایات پر پی ٹی آئی کی تین رکنی کمیٹی قائم
بھارتی مسلمان رکن اسمبلی کوبھائی سمیت پولیس حراست میں ٹی وی کیمروں کے سامنے گولیاں ماردی گئیں
بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ دریں اثنا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران موسمی حالات کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔








