نیوزی لینڈ 285 پر آل آؤٹ، انگلینڈ کو جیت کیلئے 277 رنز کی ضرورت

0
30

لارڈز:لارڈز ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 285 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا ہے۔تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث تیسرے روز کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف49 رنز کا اضافہ ہی کرسکی۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ابتدائی 4 وکٹیں 56 رنز پر گرنے کے بعد ڈیرل مچل اور ٹام بلنڈیل نے دن کے اختتام تک اسکور 236 تک پہنچادیا تھا۔تاہم آج میچ شروع ہونے کے بعد دونوں کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ جم سکے۔ڈیرل مچل 108 اور ٹام بلنڈیل 96 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں کے دوران 195 رنز کی شراکت قائم ہوئی تھی۔

ٹم ساؤتھی 21، کپتان کین ولیمسن 15، ٹام لیتھم 14، ڈیوون کونوے 13، اعجاز پٹیل 4، ول ینگ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کولن ڈی گرینڈہوم اور کائل جیمیسن کوئی رن نہ بناسکے۔ ٹرینٹ بولٹ 4 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور میتھیو پوٹس نے 3،3 ، جیمز اینڈرسن نے 2 اور میٹ پارکنسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جیمز اینڈرسن اور ڈیبیوٹینٹ میتھیو پوٹس کی تباہ کن بولنگ کے سبب نیوزی لینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ابتدا سے ہی غلط ثابت ہوا تھا اور صرف 45 کے مجموعی اسکور پر 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

آٹھویں وکٹ کے لیے کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ٹم ساؤتھی کے درمیان 41 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم اسے کے بعد کوئی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر نہ رک سکا تھا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن ڈی گرینڈ ہوم 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہےتھے۔ٹم ساؤتھی 26، ٹام بلنڈیل اور ٹرینٹ بولٹ 14،14 اور ڈیرل مچل 13رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

اعجاز پٹیل 7، کائل جیمیسن 6، ڈیوون کونوے 3، کپتان کین ولیمسن 2 جبکہ ٹام لیتھم اور ول ینگ ایک ایک رنز بناسکے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور ڈیبیوٹینٹ میتھیو پوٹس نے 4،4 جبکہ کپتان بین اسٹوکس اور اسٹورٹ براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔انگلینڈ ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں صرف 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

انگلینڈ ٹیم نے 116 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر دوسرے دن کھیل کا آغاز کیا تو گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 25 رنز کا اضافہ ہی کرسکی تھی۔انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی 43، ایلکس لیس 25 اور جو روٹ 11 رنز بناسکے تھے۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا تھا۔اسٹورٹ براڈ 9، میٹ پارکنسن8، اولی پوپ اور بین فوکس 7،7، جونی بیئر اسٹو اور کپتان بین اسٹوکس ایک ایک جبکہ میتھیو پوٹس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔جیمز اینڈرسن 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4، ٹرینٹ بولٹ نے 3 کائل جیمیسن نے 2 اور کولن ڈی گرینڈہوم نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

Leave a reply