نوجوان کی فلمی طرز کی بہادری، وکیل کو لوٹنے والے ڈاکو کو گولی کے آگے کر دیا

0
91

کراچی کے علاقے ملیر میں ایک نوجوان نے فلمی طرز کی بہادری دکھاتے ہوئے ایک وکیل کو لوٹنے والے ڈاکو کو پکڑ لیا، ساتھی کے فائرنگ کرنے پر نوجوان نے فملی انداز میں ملزم کو ہی گولی کے آگے کر دیا۔

پولیس کے مطابق ملیر کینٹ کے قریب کار سوار وکیل محمد عمر کو دو ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی، گن پوائنٹ پر وکیل کو یرغمال بنائے دیکھ کر وہاں موجود ایک نوجوان نے ملزمان کو دبوچ لیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم اور نوجوان کو گتھم گتھا ہو کر سڑک کے بیچ جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

وہاں موجود ملزم کے موٹر سائیکل سوار ساتھی نے اسلحہ نکال کر نوجوان پر گولی چلا دی لیکن چالاک نوجوان نے فلمی انداز میں خود کو بچاتے ہوئے ڈاکو کے ساتھی کو ہی گولی کے آگے کر دیا جس سے وہ زخمی ہو گیا، اپنے ہی ساتھی کو گولی لگتا دیکھ کر ملزم موٹر سائیکل سمیت فرار ہو گیا۔

فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ زخمی ڈاکو نوجوان سے بیچ سڑک کے لڑتا رہا، پھر چھڑا کر سڑک کے دوسری طرف فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزم نے رکشہ میں سوار ہو کر ملیر معین آباد میں پہنچ کر ڈکیتی مزاحمت میں زخمی ہونے کا بہانا کیا، زخمی ملزم کو ایدھی رضاکاروں نے ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پولیس نے زخمی ملزم رب نواز کو جناح اسپتال پہنچ کر گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کے ساتھی کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Leave a reply